Live Updates

نواز شریف کے دیرینہ ساتھی مہتاب عباسی کا تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان

ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت ہی سابق گورنر خیبرپختونخواہ کو ن لیگ سے نکالے جانے کی وجہ بنی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 20 جنوری 2024 21:27

نواز شریف کے دیرینہ ساتھی مہتاب عباسی کا تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جنوری2024ء) نواز شریف کے دیرینہ ساتھی مہتاب عباسی کا تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان، ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت ہی سابق گورنر خیبرپختونخواہ کو ن لیگ سے نکالے جانے کی وجہ بنی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سابقہ رہنما سردار مہتاب گروپ نے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان سردار مہتاب گروپ ڈاکٹر جہانگیر خان نے کہاکہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 17پر ن لیگ نے مہابت خان کو ٹکٹ دے کر ورکرز کے ساتھ زیادتی کی ہے۔ترجمان سردار مہتاب گروپ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار علی خان جدون کی حمایت کریں گے، انتخابات میں این اے 17پر ن لیگ کے مخالف فریق کا ساتھ دیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی کے نامزد آزاد امیدوار برائے قومی اسمبلی کی حمایت کرنے پر سینئر رہنما سردار مہتاب عباسی کو پارٹی سے نکال دیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر سردار مہتاب عباسی کی تنظیمی بنیادی رکنیت خارج کی اور انہیں جماعت سے نکالنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کے فیصلے کے بعد جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے سردار مہتاب عباسی کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل سرداری مہتاب عباسی نے ایبٹ آباد کے حلقہ این اے 17 میں اپنے 35 سالہ حریف اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی خان جدون کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر سردار مہتاب احمد خان نے مسلم لیگ ن چھوڑنے اور این اے 16 ایبٹ آباد 1 سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان بھی کیا تھا جبکہ انہوں نے صوبائی حلقوں سے بھی مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے خلاف آزاد حیثیت سے بھی اپنے امیدوار کھڑے کیے ہوئے ہیں۔ سردار مہتاب عباسی نے چند روز قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کی فیصلہ سازی میں اب نواز شریف کاکوئی کردار نظر نہیں آرہا۔

نواز شریف ’ووٹ کو عزت دو‘ کا بیانیہ جبکہ جماعت کوئی اور بیانیہ چاہتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نظریے سے انحراف کررہی ہے، موجودہ قیادت ان اصولوں سے انحراف کررہی ہے جو ن لیگ کا خاصہ رہا ہے۔جماعت کی نئی قیادت قائد مسلم لیگ (ن) کو سمجھوتہ کرنے پر مجبور کئے ہوئے ہے۔ یہی سنائی دیتا ہے کہ آئندہ حکومت نواز شریف کی ہوگی ۔میں اسٹیبلیشمنٹ سے لڑنے والے نواز شریف کو جانتا ہوں، نواز شریف سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کو دیکھنا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے جو کروایا جا رہا ہے یہ ان کی سوچ نہیں ہے سردار مہتاب نے کہا کہ دیکھائی دے رہا ہے کہ عمران خان الیکشن نہیں لڑ سکیں گے، پی ٹی آئی کا تنظیمی ڈھانچہ بھی تتر بتر ہوگیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن پر نواز شریف کے خاندان کا عمل دخل بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیلئے الیکشن کے راستے صاف کردئیے گئے ہیں۔آئندہ پارلیمنٹ خطرے میں رہے گی۔ الیکشن کے بعد مسلم لیگ ن کیلئے آسان صورتحال نہیں دیکھتا ہوں۔تجربہ رکھنے والے سیاستدانوں کو گھر نہیں بیٹھنا چاہیے، سینئر سیاستدانوں کا پارلیمنٹ میں کردار بنتا ہے ۔الیکشن کے نتائج پہلے سے نظر آرہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات