پی ٹی آئی کارکن میرا ساتھ دیں‘ انتقام کی سیاست دفن کردوں گا، بلاول بھٹو زرداری

میں ظلم اور انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، ووٹ کو عزت دو کی سیاست کے دعویدار اس وقت اپنا نظر چھوڑ کر سیاست کر رہے ہیں‘ ملکی مسائل کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہی ہے۔ لاہور میں جلسہ عام سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 جنوری 2024 18:28

پی ٹی آئی کارکن میرا ساتھ دیں‘ انتقام کی سیاست دفن کردوں گا، بلاول ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری 2024ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن میرا ساتھ دیں‘ انتقام کی سیاست دفن کردوں گا، ملک کے مسائل کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہی ہے، ہم اقتدار میں آکر نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔ لاہور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی اور اگر اپنے نظریے سے ہٹتا ہے تو ہٹ جائے مگر ہم اپنا نظریہ نہیں چھوڑ سکتے، پیپلزپارٹی ملک کو معاشی اور جمہوری بحران سے نکالے گی، دہشت گردوں کا بھی سر کچل دیں گے، ملک کے معاشی حالات جو آج ہیں ایسے کبھی نہیں تھے، نفرت اور تقسیم کی سیاست سے پاکستان کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ کہ عوام پیپلزپارٹی پر اعتماد کریں، ہم اقتدار میں آکر 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ملک سے غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے، مجھے موقع ملا تو 17 وزارتیں بند کرکے سالانہ 300 ارب روپے غریبوں پر خرچ کروں گا، اشرافیہ کو ملنے والی سالانہ 1500 ارب روپے کی سبسڈی بھی ختم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو لوگ میرے لاہور سے الیکشن لڑنے پر سوال اٹھاتے ہیں ان کے لیے پیغام ہے کہ لاہور میرا ہے، یہاں کے عوام نے قائد عوام ذوالفقار بھٹو شہید کی موت پر خود کو آگ لگا کر احتجاج کیا، بینظیر بھٹو شہید کا تاریخی استقبال کیا گیا، پنجاب کے عوام پر کبھی شوباز تو کبھی وسیم اکرم پلس مسلط کیا جاتا ہے، اب ہم پاکستان کو ان پرانے سیاستدانوں کے حوالے نہیں کر سکتے، مجھے موقع ملا تو آمدنی دُگنی کر کے دکھاؤں گا، قائدعوام کا مکان دینے کا وعدہ پورا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں اقتدار میں آکر پورے ملک میں 30 لاکھ گھر بنا کر غریبوں میں تقسیم کروں گا اور اس کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیے جائیں گے، ہماری حکومت بنے گی تو بی آئی ایس پی کی رقم بڑھائیں گے، کسان اور مزدور کارڈ بھی دیے جائیں گے، ہم اپنے نوجوانوں کو یوتھ کارڈ دیں گے تاکہ روزگار ملنے تک انہیں وظیفہ ملتا رہے، تعلیم اور صحت کے مسائل بھی حل کیے جائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہمارے جلسے میں چوہدری سرور اور اعتزاز احسن بھی موجود ہیں، ہماری سوچ میں اختلاف ہو سکتا ہے مگر ملک کی خاطر سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا، مجھے موقع ملا تو ہم یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام کا آغاز کریں گے، میں ظلم اور انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، ووٹ کو عزت دو کی سیاست کے دعویدار اس وقت اپنا نظر چھوڑ کر سیاست کر رہے ہیں۔