8 فروری ووٹ کی طاقت سے اشرافیہ سے نجات کا دن ہوگا،حافظ محمد نوید اعوان

منگل 23 جنوری 2024 22:10

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2024ء) جے آئی یوتھ کے ضلعی صدرحافظ محمدنویداعوان نے کہاہے کہ 8 فروری ووٹ کی طاقت سے اشرافیہ سے نجات کا دن ہوگا۔ اپنے اور اپنے بچوںکے مستقبل کو سنوارنے کے لیے درست قیادت کا انتخاب ہی ہر مسئلے کا حل ہے۔عوام 8 فروری کو ان پارٹیوں کا احتساب کریں جنہوں ملک میں معیشت و امن کو تباہ کیا خوفناک مہنگائی، بیروزگاری اور مایوسی کو مسلط کیا۔

الیکشن میں غلط انتخاب کرکے اگلے پانچ سال تک دوبارہ کرپٹ ظالموں کو اپنے پر مسلط نہ کریں، ڈگری کے عوام گیس،پانی وبجلی کے بحران کا شکار ہیں۔ جے آئی یوتھ کے ضلعی ذمہ داران سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب کی سیاست کی بربادی اور ملک و ملت پر انتقامی سیاست، دھڑے بازی، زہریلی پولرائزیشن، کرپشن اور مفادپرستی کے ذمے دار اسٹیبلشمنٹ اور اسٹیبلشمنٹ کے پروجیکٹس پی پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی ہیں۔

(جاری ہے)

اقتدار کے حصول کے لیے نوراکشتی اور لاڈلوں کو نئے طریقہ واردات کیساتھ لانچ کرکے عوام کو بیوقوف بنایا جارہا ہے۔ لیکن اب ووٹرز باشعور اور بیدار ہوچکے ہیں، ملک و ملت کی تباہی کے ذمے دار اِن نام نہاد پارٹیوں کو کبھی آگے آنے نہیں دیں گے۔ اب پاکستانی عوام کا ووٹ سُودی نظام کے محافظوں، کرپشن، نااہلی، بیڈگورننس کے ذمے داروں کے حق میں نہیں جائے گا۔

جماعت اسلامی ووٹرز کے لیے بہترین چوائس ہے۔ ترازو نشان قومی امن، استحکام، خوشحالی اور آئین و قانون کی حکمرانی کا نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات سے فرار کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا لیکن آئین، عدلیہ، الیکشن کمیشن اور جمہور کے حق انتخاب کی موجودگی نے انتخابات سے فرار کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیا۔ انتخابات ہی بحرانوں کے خاتمے اور سیاسی استحکام کا پائیدار ذریعہ ہے۔

لیول پلیئنگ فیلڈ کا انحصار سیاسی قیادت اور سیاسی جماعتوں کے جمہوری رویے سے ممکن ہے۔ الزامات، پگڑی اچھالنے اور انتقامی سیاست کی روِش فیلڈ کو خراب کرتی ہے۔حافظ نویداعوان نے کہا کہ بجلی، گیس بحران اور یوٹیلیٹی بلوں میں ہولناک اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ مہنگائی کے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں۔ مہنگی بجلی کے ملک و عوام دشمن معاہدوں کی ذمے دار حکمران جماعتیں ہیں۔ عوام کے لیے تعلیم، علاج، تھانہ کچہری، روزگار کا حصول عذاب بنادیا گیا ہے ۔ عوام نااہل اور سیاست پرناجائز قابض جماعتوں کو مسترد کردیں گے۔