55 سالوں سے پیپلزپارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے،مرتضیٰ وہاب

جمعہ 26 جنوری 2024 22:36

55 سالوں سے پیپلزپارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے،مرتضیٰ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 55 سالوں سے پیپلزپارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، چالیس سال کے گند کو چار ماہ میں تو صاف نہیں کر سکتا، جو دعویدار تھے اس بات کے کہ حل صرف ہم ہیں ان کے صرف جھنڈے اور وال چاکنگ ہی نظر آ رہی ہے، بار بار ترقی اور ترقیاتی کاموں کی بات کرتے ہیں، باتیں کرنا ختم کر دیں کام کا آغاز کر یں، بلدیہ عظمیٰ کراچی پیپلزپارٹی اور اس کا جیالا میئر چلا رہا ہے، ہم نے جو وعدہ کیا ہے اس پر عمل پیرا ہیں، شہریوں کو کام ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے، عوام کے لئے پارکوںاورکھیل کے میدانوں کو بحال کررہے ہیں، فاطمہ جناح پارک کی تعمیر سے نارتھ کراچی کے مکینوں کو معیاری تفریحی سہولت فراہم ہوگی، 8فروری کے انتخابات کے بعد بلاول بھٹو کی سربراہی میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو بڑے پیمانے پر شروع کریں گے، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز نارتھ کراچی سیکٹر 11-E میں نو تعمیر شدہ فاطمہ جناح پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد ، سٹی کونسل میں پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ فاطمہ جناح پارک میں بچوں کے لیے بھی تفریحی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں،شہر کے ہر علاقے میں عوامی فلاح وبہبود کے کام کئے جارہے ہیں ،کراچی کے تمام شہری اور تمام علاقے ہمارے لیے برابر ہیں، کسی بھی ضلع کے عوام کو پیپلز پارٹی مایوس نہیں کرے گی،انہوں نے کہاکہ ضلع وسطی کے اس علاقے کی گلیاں دیکھ کر دکھ ہو رہا ہے ، یہاں کی نمائندگی کے دعویداروں سے کہتا ہوں تم لوگ صرف وعدہ کرنے کیلئے ووٹ لیتے ہو ، بجٹ اپنے جھنڈے لگانے کے لئے لیتے ہو ، یہ کوئی سیاسی ایونٹ نہیں ہے ،ہم نے پاکستان کا جھنڈا لگایا ، نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کوئی اور چلا رہا ہے ، میں سوال پوچھتا ہوں کہ یہاں سے جیتنے والوں نے کیا کام کیا ،مجھے ان بچوں کا کیا قصور ہے جو تفریحی سہولیات سے محروم تھے، آئے روز مجھے برا بھلا کہتے ہیں میں پوچھنا چاہوں گا انہوں نے کون سا کا کام کیا ، جو گاڑیاں لائٹ لگانے کے لیے استعمال ہوتی ہیں اس سے اپنے جھنڈے لگا رہے ہیں ، جو کرینیں ملتی ہیں ان سے وال چاکنگ کر رہے ہیں ، اس شہر کو وال چاکنگ کر کے ہم خود خراب کرتے ہیں ، تصویر لگانی ہے تو عبدالستار ایدھی ، ڈاکٹر ادیب رضوی، قائد اعظم اور لیاقت علی خان کی لگاؤ ۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ میرے خیال میں عباسی شہید اسپتال کو سندھ حکومت کو چلانا چاہئے ، جب ہم قانون سازی کرتے ہیں تو نفرت کی بات کرتے ہیں ،کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی بنانے کی بات کرتے ہیں تو دستخط نہیں کرتے، پاکستان کے تمام مسائل کے حل 48 گھنٹوں میں گورنرصاحب کے پاس ہیں ، کراچی ہم سب کا شہر ہے، اس کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے،میئر کراچی نے کہاکہ تمام تر باتوں کے باوجودشہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیںگے ، تعصب تنقید اور تفریق کی سیاست سے گریز کرینگے ، آنے والے وقتوں میں مزید بہتری آئے گی،آئی آئی چندریگر روڈ اور عبداللہ ہارون روڈ بہتر نظر آرہی ہے، عباسی شہید اسپتال کے نرسنگ اسکول کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا تو سیاسی جماعت کے امیر پریس کانفرنس کرکے مخالفت کرتے ہیں اس نرسنگ اسکول میں 130 نوجوانوں کو نرسنگ کی تعلیم مفت فراہم کی جائے گی، ہمیں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، میں چیزوں کو بہتر کرنے پر یقین رکھتا ہوں ، انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی بیساکھی کے بغیر انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، پیپلزپارٹی کو کسی جماعت سے اتحاد کی ضرورت نہیں، دوسری جماعتیں اتحاد کر رہی ہیں، کبھی سوچا تھا ایم کیو ایم اور ن لیگ کا اتحاد ہو جائے گا، مصطفی کمال 2013 میں کہتے تھے ڈولفن کا وزیراعظم آئے گا،تمام تر تنقید کے باوجود ہم پاکستان کے مفاد کے لئے کام کرتے ہیں، آٹھویں ترمیم کے لئے سابق صدر آصف زرداری نے تمام جماعتوں کو اکٹھا کیا تاکہ ملک میں بہتری آئے،الیکشن میں ایسی جماعت کامیاب ہونی چاہئے جو پاکستان کے تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چل سکے، 8 فروری کے بعد وفاق، سندھ اور بلدیات میں پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہوگی، ہم اختیارات اور فنڈز کا رونا نہیں روئیں گے، کام کرنا ہی ہمارا نصب العین ہے۔