خدا کی بستی والوتم جس طرح میرا ساتھ دے رہے ہو تمہارے جذبہ کو سلام، ڈاکٹر فاروق ستار

اس متحد ایم کیو ایم میں اتنی طاقت ہے ہم پورے ملک کے مظلوموں کو ظالموں سے نجات دلاسکتے ہیں،8 فروری کے روز وہ سورج طلوع ہوگا ،روشنی کراچی ،سندھ سمیت پورے پاکستان کی تاریکی کو اجالے میں بدل دے گا، رہنماء ایم کیو ایم پاکستان

ہفتہ 27 جنوری 2024 21:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی و حق پرست نامزد امیدوار برائے حلقہ این اے 244 ڈاکٹر فاروق ستار نے سرجانی ٹان ایل ون، یوسی 05 کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار امام بارگاہ امام المتقین میں منتظمین سے ملاقات کی بعد ازاں خدا کی بستی میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقد ہونے والی عوامی رابطہ مہم میں شرکت کی۔

کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ خدا کی بستی والوں تم جس طرح میرا ساتھ دے رہے ہو تمھارے جذبہ کو سلام ہو، اس متحد ایم کیو ایم میں اتنی طاقت ہے کہ ہم پورے ملک کے مظلوموں کو ظالموں سے نجات دلاسکتے ہیں،کراچی سے ہی اسلام آباد چلتا ہے مگر پھر بھی اسے نظر انداز کیا جاتا ہے،اس شہر کو اگر کبھی ترقی ملی ہے تو وہ ایم کیو ایم کے ہی دور میں ملی ہے، کراچی میں 20 کروڑ گیلن پانی ایم کیو ایم کے دور میں آیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچے کے ڈاکو پکے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں مگر ایسا نہیں ہونے دینگے،ہم نے متحدہ کو متحد کر کے کراچی میں بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے،ایم کیو ایم نے اس بار سہراب گوٹھ سے اپنے پختون بھائی کو ٹکٹ جاری کیا جو تمام مخالفین کو کھٹک رہا ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ خدا کی بستی والوں کا خوش و خروش لاڑکانہ سے ہوتا ہوا لاہور رائے ونڈ اور پھر پنڈی سے ہوتا ہوا صرف اسلام آباد ہی نہیں بلکہ بنی گالا بھی جا پہنچا ہے،8 فروری کے روز وہ سورج طلوع ہوگا جسکی روشنی کراچی اور سندھ سمیت پورے پاکستان کی تاریکی کو اجالے میں بدل دے گا۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ انچارج این اے کمیٹی شکیل احمد ، پی ایس 116 کے حق پرست امیدوار، ٹان کے زمہ داران و کارکنان موجود تھے۔اسی طرح ایم کیو ایم قصبہ علیگڑھ ٹان یوسی 8 میں رکن رابطہ کمیٹی و نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 245 سید حفیظ الدین اور سابق پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی و نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی ایس 119 علی خورشیدی نے کارنر میٹنگ میں شرکت کی اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح 2018 میں کراچی کے مینڈیٹ پر شپ خون مار کر ایک فتنہ جماعت کو اقتدار دیا گیا آج اس فتنہ جماعت کی ملک دشمن پالیسیاں سب کے سامنے ہیں، اس بار اگر کسی نے 2018 والی حرکت کرنے کی کوشش کی تو کراچی کے عوام اپنے حقوق اچھے سے لینا جانتے ہیں۔

اس موقع پر قصبہ علیگڑھ ٹاون کے زمہ داران یوسی آرگنائزر و اراکینِ کمیٹی ، کارکنان ،عوام اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔