8 فروری کے بعد ن لیگ حکومت ملک اور قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور بد امنی سمیت معاشی بحرانوں سے چھٹکارا دلائے گی،پارٹی امیدواران

منگل 30 جنوری 2024 21:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سیکرٹری جنرل و نامزد امیدوار حلقہ این اے 263جمال شاہ کاکڑ ایڈیشنل ڈپٹی جنرل سیکرٹری نصیر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کے فیصلوں کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی حلقہ این اے 266 پر حمایت اور اپنے امیدوار کو ان کے حق میں دستبردار کرانے کا اعلان کردیا۔

8 فروری کے بعد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں بننے والی حکومت ملک اور قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور بد امنی سمیت معاشی بحرانوں سے چھٹکارا دلائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے دیگر ساتھیوں ملک ظاہر کاکڑ اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

جمال شاہ کاکڑ اور نصیر خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ الیکشن میں 10 روز رہ گئے ہیں مسلم لیگ (ن) اپنی انتخابی مہم تواتر کے ساتھ چلارہی ہے پارٹی نے ہمیشہ حق اور سچ کی سیاست کی ہے پارٹی قیادت نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین کے مد مقابل امیدوار میدان میں نہیں اتاریں گے اور آج ہم پارٹی سربراہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 266 قلعہ عبداللہ پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی حمایت کا اعلان کرتے ہیںاور آج سے پارٹی کے تمام کارکن این اے 266 پر پشتونخوا میپ کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ ملکر کام کرینگے اور انتخابی مہم چلائیں گے کیونکہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور حلقہ این اے 266 سے سیاسی کارکنوں کی بڑی امیدیں وابستہ ہیں ان کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 263 پر پشتون خوا میپ کو پیش کش کی تھی کہ اپنے امیدوار کو دستبردار کرائیں ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اتحاد ہم خیال جماعتوں کے ساتھ ملکر بنتے ہیں اور ان ہم خیالوں کے ساتھ ملکر حکومت بنائیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی حیثیت مسلم لیگ (ن) کے سربراہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے برابر نہیں وہ مناظرے کا چیلنج نہ کریںپیپلز پارٹی کو پارٹی کی لیڈ ہضم نہیں ہورہی ان کا کہنا تھا کہ چمن میں مسلم لیگ نون پشتونخوا کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور قلعہ عبداللہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کو بڑا جلسہ بھی دیں گے جس میں شرکت کروں گا ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 266 پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی امیدوار عبدالخالق کو ان کے حق میں دستبردار کرانے کا اعلان کرتا ہوں اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ساتھ ملکر انتخابی مہم چلائیں گے۔