ضلع سیالکوٹ میں قومی اسمبلی کے کل 5 اور صوبائی اسمبلی کے کل 10حلقے ہیں

اتوار 4 فروری 2024 15:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2024ء) ضلع سیالکوٹ میں قومی اسمبلی کے 5اور صوبائی اسمبلی کے 10 حلقوں میں رجسٹرڈ وٹروں کی تعداد 27,96,244 ہے،جن میں 15,03,792 مرد اور 12,92,452 خواتین شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان ضلع سیالکوٹ میں قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں میں انتخابات کے لیے کل 1809 پولنگ سٹیشنز قائم کرے گا جن میں 536 مرد پولنگ سٹیشنز، 536 خواتین پولنگ سٹیشنز اور 737 کمبائن پولنگ سٹیشنز شامل ہیں، جبکہ ای سی پی 4477 پولنگ بوتھ قائم کرے گا جن میں 2385 پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔

ضلع سیالکوٹ میں قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں میں انتخاب کے لیے مرد ووٹرز کے لیے 2092 بوتھ اور خواتین ووٹرز کے لیے 2092 بوتھ بنائے گئے ہیں۔ این اے 70 سیالکوٹ -1 میں کل 24 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے 70 سیالکوٹ 1 میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے چوہدری ارمغان سبحانی، استحکام پاکستان پارٹی کی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سید اشتیاق الحسن گیلانی، تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے محمد شاہد، پاکستان مرکزی مسلم لیگ سہیل قیصر سمیت کل 24 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

الیکشن کمیش آف پاکستان کے مطابق یہاں اس حلقے (NA-70 سیالکوٹ-I) میں کل 5,55,752 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔الیکشن کمیشن حلقہ (این اے 70 سیالکوٹ-I) میں انتخابات کے لیے 363 پولنگ اسٹیشنز قائم کرے گا گا جن میں 91 مرد، 91 خواتین اور 181 کمبائن پولنگ سٹیشنز شامل ہیں، جبکہ ای سی پی 853 پولنگ بوتھ بھی بنائے گا جن میں مرد ووٹرز کے لیے 449 بوتھ شامل ہیں اور خواتین ووٹرز کے لیے 404 بوتھ بنائے جائیں گے۔

این اے 71 سیالکوٹ- II میں کل 18 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔سیالکوٹ شہر کے حلقہ(این اے 71 سیالکوٹ-II) میں پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے خواجہ محمد آصف، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کے خواجہ اویس مشتاق، جماعت اسلامی پاکستان کے ڈاکٹر طاہر محمود بٹ، تحریک لبیک پاکستان کے محمد اسلم بٹ اور آزاد امیدوار بشمول ریحانہ امتیاز ڈار کل 18 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

این اے 71 سیالکوٹ II کو سب سے اہم حیثیت حاصل ہے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس حلقے (NA-71 سیالکوٹ-II) میں کل 5,77,281 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں (جن میں 3,05,133 مرد ووٹرز اور 2,72,148 خواتین ووٹرز شامل ہیں)۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) حلقہ (این اے 71 سیالکوٹ ٹو) میں انتخابات کے لیے کل 358 پولنگ اسٹیشنز بنائے گا جن میں 159 مردانہ، 159 خواتین اور 40 کمبائن پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں، جبکہ ای سی پی 955 پولنگ بوتھ قائم کرے گا جن میں مردوں کے 495 بوتھ شامل ہیں اور خواتین ووٹرز کے لیے 460 بوتھ شامل ہیں۔

این اے 72 سیالکوٹ-III میں کل 23 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔ حلقہ(NA-72، سیالکوٹ-III) میں کل23 امیدوار شامل ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار علی زاہد، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے ندیم احمد اعوان، جماعت اسلامی غضنفر علی باجوہ، تحریک لبیک پاکستان کے شجاعت علی، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نبی احمد ورک اور آزاد امیدوار غلام عباس سمیت کل 23 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس حلقے (NA-72، سیالکوٹ-III) میں کل 5,89,020 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) حلقہ (این اے 72، سیالکوٹ III) میں انتخابات کے لیے کل 385 پولنگ اسٹیشنز قائم کرے گا جن میں 78 مردانہ، 78 خواتین اور 229 کمبائن پولنگ سٹیشنز شامل ہیں، جبکہ ای سی پی 958 پولنگ بوتھ بنائے گا جن میں مردوں کے 517 بوتھ اور خواتین ووٹرز کے لیے 441 بوتھ شامل ہیں ۔

این اے 73سیالکوٹ IV میں کل 26 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔ حلقہ این اے 73 سیالکوٹ IV میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے رانا محمود اشرف، جماعت اسلامی کے ذوالفقار احمد، تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے طارق مقصود سمیت 26 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔ این اے 73 میں پاکستان عوامی تحریک کے غلام مصطفیٰ، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے خالد محمود چیمہ، پاکستان تحریک انصاف (نظریاتی)کے تصور عباس، پاکستان نظریاتی پارٹی کے وقار قدوس اور آزاد امیدوار علی اسجد ملہی سمیت دیگر مدمقابل ہیں ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس حلقےمیں5,34,798 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔حلقے میں351 پولنگ سٹیشنز ہوں گے جن میں 110 مرد، 110 خواتین اور 131 کمبائن پولنگ سٹیشنز شامل ہیں جبکہ ای سی پی 851 پولنگ بوتھ بھی بنائے گا جن میں مردوں کے 465 بوتھ شامل ہیں اور خواتین ووٹرز کے لیے 386 بوتھ بنائے جائیں گے۔این اے 74سیالکوٹ V میں 18 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

حلقہ این اے 74 سیالکوٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا شمیم احمد خان، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے چوہدری اعجاز احمد چیمہ، جماعت اسلامی پاکستان قمر زمان چیمہ اور تحریک لبیک پاکستان کے سید سجاد حسین شاہ سمیت 18 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق این اے 74 سیالکوٹ V میں 5,39,393 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔حلقہ میں352 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں 98 مرد، 98 خواتین اور 156 کمبائن پولنگ سٹیشنز شامل ہیں جبکہ ای سی پی 860 پولنگ بوتھ بنائے گا جن میں مردوں کے 459 بوتھ شامل ہیں جبکہ خواتین ووٹرز کے لیے 401 بوتھ بنائے جائیں گے۔