مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنی شکست تسلیم کر لی، پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کے لیے بھی آواز اٹھادی

افسوس ہوا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار علی بخاری کو حلقہ 48کی سیٹ ہرا دی گئی جبکہ وہ واضح جیتے ہوئے تھے، اسی طرح شعیب شاہین بھی حلقہ سے واضح برتری کے ساتھ جیت چکے ہیں لیکن نتائج ان کے بھی حوالے نہیں کیے جا رہے۔مصطفیٰ نواز کھوکھر کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 9 فروری 2024 11:45

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنی شکست تسلیم کر لی، پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 فروری2024 ء) اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 اور 48 سے آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنی شکست تسلیم کر لی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ میں اپنی شکست کو کھلے دل سے تسلیم کرتا ہوں ۔ یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار علی بخاری کو حلقہ ۴۸ اسلام آباد کی سیٹ ہرا دی گئی ہے جبکہ وہ واضح جیتے ہوئے تھے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے مزید کہا کہ جن موصوف کو نتیجہ بدل کر جتایا گیا ہے وہ دوڑ میں کہیں بھی نہ تھے۔ اسی طرح شعیب شاہین بھی حلقہ ۴۷ سے واضح برتری کے ساتھ جیت چکے ہیں لیکن نتائج ان کے بھی حوالے نہیں کئیے جا رہے۔ یہ بدترین دھاندلی اور آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

۔خیال رہے کہ ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 30، پاکستان مسلم لیگ (ن) 22اورپاکستان پیپلز پارٹی نے 16نشستیں جیت لی ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق حلقہ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام 358 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی امین خان گنڈا پور 92612 ووٹ لے کرکامیاب قرار پائے جبکہ جمعیت علماءاسلام (ف) کے مولانا فضل الرحمان 59364 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے اسی طرح این اے 3 سوات کے تمام 309 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلیم رحمان 81411 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے واجد علی خان 27861 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 13 بٹگرام کے تمام 278 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے تحت پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد نواز خان 24686 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ راہ حق پارٹی کے عطا محمد 18130 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔این اے17 ایبٹ آباد2 کے تمام 324 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار علی خان جدون 97177 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔