پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نومنتخب ایم این اے کو اغوا کر لیا گیا

بریگیڈئیر (ر) اسلم گھمن کو پی ٹی آئی چھوڑ کر ن لیگ میں شامل ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے،عمر ایوب

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 16 فروری 2024 12:30

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نومنتخب  ایم این اے کو اغوا کر لیا گیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 فروری2024ء) نومنتخب پی ٹی آئی ایم این اے بریگیڈئیر (ر) اسلم گھمن کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعظم کے امیدوار عمر ایوب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ نومنتخب پی ٹی آئی ایم این اے بریگیڈئیر (ر) اسلم گھمن کو سیالکوٹ سے اغوا کیا گیا۔عمر ایوب نے مزید کہا کہ اسلم گھمن کو پی ٹی آئی چھوڑ کر ن لیگ میں شامل ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ دھاندلی اور اسلم گھمن کی جبری گمشدگی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
اسلم گھمن حلقہ این اے 74 سیالکوٹ سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد کامیاب امیدوار ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 74 سیالکوٹ Vسے آزاد امیدوار محمد اسلم گھمن ایک لاکھ 30 ہزار 504 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان /ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے جاری غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا شمیم احمد خان 95 ہزار 988 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کا تناس49.20فیصد رہا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شیر افضل مروت نے مبینہ دھاندلی کے خلاف (کل)ہفتہ کو اسلام آباد میں پر امن احتجاج کرنے کا اعلان کردیا۔ اپنے بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ تمام پی ٹی آئی کے کارکنان جناح پارک میں جمع ہوں، میں احتجاج کو خود لیڈ کروں گا۔شیر افضل مروت نے الیکشن کمیشن میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مولانا سے اتحاد احتجاج کی حد تک ہے ۔

نواز شریف صرف کبوتر اڑانے آئے تھے،انتخابات سے متعلق جمعیت اور ہمارے موقف میں یکسانیت ہے۔ ہم کل ایک سیاسی جماعت کے پاس گئے تھے وہ کوئی بھارتی نہیں۔مولانا فضل الرحمان نے دو دن پہلے دھاندلی کی مذمت کی ہے۔ہمارے تو ہاتھ پاوٴں باندھ کر پولنگ اسٹیشنز بھیجا گیا۔