Kنومنتخب وزیر اعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے تمام عوامی نمائندوں کو ساتھ لیکر چلیں تاکہ مسائل کو حل کیا جاسکے ا،اراکین اسمبلی کا اظہار خیال

ہفتہ 2 مارچ 2024 21:55

ض/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مارچ2024ء) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ نومنتخب وزیر اعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے تمام عوامی نمائندوں کو ساتھ لیکر چلیں تاکہ مسائل کو حل کیا جاسکے اراکین اسمبلی نے گزشتہ روز قوم پرست جماعت کی جانب سے ایوان زیرین میں پاک فوج کے بارے میں کہے گئے الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت آج ملک میں امن ہے بلوچستان میں تعلیم، صحت ، امن کی بحالی ، زراعت کے فروغ ، گیس بجلی کی بلا تعطل فراہمی روزگار کی فراہمی کے لئے ملکر مربوط اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار اراکین اسمبلی نے بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے موقع پر منعقدہ اجلاس کے دوران نومنتخب وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کو بلا مقابلہ منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی نواب ثناء اللہ زہری نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے میر سرفراز احمد بگٹی کو وزیرعلیٰ بلوچستان منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر سرفراز احمد بگٹی تمام ارکان کو ساتھ لیکر چلیں گے ۔

(جاری ہے)

میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ میر سرفراز احمدبگٹی ماضی میں بھی صوبے کی خدمت کر چکے ہیں بطور وزیر اعلیٰ بھی وہ عوامی مسائل کو حل کریں گے ۔ رکن اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ سرفراز بگٹی کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے ہمارے قائدمیاں محمد نواز شریف اور شہباز شریف نے پہلے ہی سب کو ساتھ لیکر چلنے کا کہا ہے احترام اور قبائلی روایات کا سلسلہ برقرار رہے گا افواج پاکستان پر تنقید برداشت نہیں افواج پاکستان ہماری جان ہماری روح ہیں کل قومی اسمبلی میں ایک قد آور سیاسی شخصیت نے افواج پاکستان پر تنقید کی پاک فوج پر تنقید کرنے والے خود بد کردار ہیں ۔

رکن اسمبلی میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ تمام ارکان اسمبلی کو مل کر بلوچستان کے مسائل کو حل کرنا ہے تعلیم صحت اور مواصلاتی نظام کوبہتر کرنے کی ضرورت ہے ڈاکٹر اور نرس اپنی ڈیوٹیاں نہیں کرتے انہیں ڈیوٹی کا پابند بنائیں گے۔ رکن اسمبلی مولانا نور اللہ نے کہا کہ کشمیر فلسطین سمیت مظلوم مسلمانوں کو کفار نے بربریت سے دوچار کر رکھا ہے امت مسلمہ پر ظلم کے خاتمے کے لئے ہمیں متحد ہونا ہو گا مولانا نور اللہ کی درخواست پر فلسطین ک شہداء کے لئے اسمبلی اجلاس میں داتحہ خوانی کی۔

انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی صوبے کے مسائل حل کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہے اے این پی نے ہمیشہ اپنے حقوق کی بات کی ہے اٹھارویں ترمیم اور خیبر پشتونخواء صوبہ کے نام پر آصف علی زرداری کے مشکور ہیں ہمیں ناراض افراد سے ٹیبل ٹاک کرنا ہو گی ہمیں قبائلی روایات کے مطابق صوبے کو آگے چلانے کی کوشش کریں گے امن اومان غربت تعلیمی اور صحت کے مسائل دیرینہ ہیں ۔

بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ میر سرفراز بگٹی کو اس امید کے ساتھ مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ وہ بلوچستان کی محرومیوں کیلئے کرادر ادا کریں گے۔ بلوچستان اپنی خوبصورتی کے لحاظ سے ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ 75سال گزرنے کے بعد بھی یہاں کے لوگ غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ یہاں کے لوگ ابتدائی ضرویات زندگی تعلیم اور صحت جیسی سہولیات سے محروم ہیں۔

83 فیصد بچیاں اور 75 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ صرف پندرہ فیصد سکولوں میں بجلی کی سہولت موجود ہے۔ 52فیصد پرائمری سکولز میں پانی کا صاف پانی موجود ہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہیلتھ کے نظام کو بھی بہتر کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ زراعت پالیسی بنی اس کیلئے ایک ویژن دیا گیا لیکن اس پالیسی کے مطابق ایس ڈی پی میں اہداف حاصل نہیں کیے گئے۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ ممبر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی بلوچستان اسمبلی پہنچ گئے فیصل کریم کنڈی کو بلوچستان اسمبلی آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

پوری مشینری گوادر میں کام کر رہی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ بیگم نے کہا کہ سب سے پہلے میں اللہ تعالیٰ کی اور پھر پارٹی اور معززین اراکین کی مشکور ہوں اورشکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب کیا۔ آصف علی زرادی نے ہمیشہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔ میر سرفراز بگٹی کو پارٹی اور علاقے کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہیں اور مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی بہتری کیلئے میر سرفراز بگٹی کا انتخاب کیا۔ بارہویں اسمبلی نے باقاعدہ کام شروع کردیا مگر افسوس کوئٹہ کو ہم نہیں بنا سکے۔ بلوچستان میں سکول کسی اور جگہ پر ماسٹر کہیں اور کاروبار کررہا ہے۔ حق دو تحریک کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ میں چاہتا تھا وزیراعلیٰ موجود ہوں تو بات کروں اب وہ پہنچ بھی گئے۔

گوادر اہم ہے اور وہاں کی صورتحال پر بات کروں گا۔ مجھے ماہی گیروں نے منتخب کر کے یہاں بھیجا ہے۔ مجھے اس حکومت سے کچھ نہیں چاہیے بس غیر قانونی ٹرالر مافیا کو روکا جائے۔ کئی سالوں سے سن رہے ہیں گوادر سنگاپور اور دبئی ہے مگر گوادر کی صورتحال سامنے ہے۔ میں صرف گوادر کی بات نہیں کروں گا پورے بلوچستان کے وسائل کی بات کروں گا۔ ایم پی اے بن کر خوشی محسوس نہیں کررہا ایک ذمہ داری عوام نے دی ہے اب رات کو نیند نہیں آتی۔

کئی کئی راتوں کو غیر قانونی ٹرالر مافیا پر رویا ہوں۔ رکن صوبائی فرح عظیم شاہ نے کہا کہ وزیراعلی اب وہ وقت آگیا ہے کہ بلوچستان کے وسائل عام لوگوں تک پہنچنے چاہیے۔ پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے پاک فوج ہے تو ہم ہیں۔جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید بادینی نے کہا کہ ہمارے علاقے میں پانی کا اہم مسئلہ ہے تالاب اب سے خشک ہیں۔ رکن صوبائی سنجے پنجھوانی نے کہا کہ امید کرتا ہوں میر سرفراز بگٹی اقلیتوں اور بلوچستان کے مسائل حل کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی سمیت مرکزی قائدین کو بلوچستان اسمبلی آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔نیشنل پارٹی کے میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر دونوں کو اور میر سرفراز بگٹی کو وزیراعلی بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سب سے پہلے یہ بات کرونگا کہ اس مقدس ایوان کے تقدس کا خیال رکھنا چاہیے۔ میں یقین دلاتا ہوں بلوچستان کے مسائل کے حل کی بات ہوگی ساتھ دینگے۔

بلوچستان میں ایک المیہ رہا ہے کہ بلوچستان کے شہریوں کو وزیراعلی تک رسائی آسان نہیں تھی۔ میں امید کرتا ہوں میر سرفراز بگٹی مثالی کردار ادا کرتے ہوئے عوام کے درمیان رہیں گے اور نکے مسائل حل کریں گے۔ اسپیکر آپ سے بھی یہ امید رکھتے ہیں کہ برابری کی بنیاد پر ہاؤس کو چلائیں گے۔ جس طرح مولانا ہدایت الرحمان نے گوادر کی بات کی یقین مانیں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

حکومت کو باتوں کی بجائے عملی طور پر کام کرنا ہونگے۔ راحیلہ درانی نے کہا کہ میں نے ہدایت الرحمان کی ہمیشہ اخباروں میں خبریں پڑھیں لیکن آج باقاعدہ انکی باتیں سنیں۔ جو انکی باتیں سنی ہیں یقیناً انکو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ میرا تمام تعاون آپکے ساتھ ہے ہم جن لوگوں کیلئے یہاں آئے ہیں ان کیلئے کام کریں۔ عوام میں اب شعور آگیا ہے ہمیں کوشش کرنی چاہیے عوام کی توقعات پر پورا اتریں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی ملک نعیم بازئی نے کہا کہ پارٹی اور اپنی طرف سے دل کی گہرائی سے میر سرفراز بگٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ فیصل کریم کنڈی کو پخیر راغلے کہتے ہیں۔