آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے صدر مملکت منتخب

حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار آصف زرداری کو قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں سے 255 ووٹ ملے جبکہ محمود اچکزئی119ووٹ حاصل کرسکے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 9 مارچ 2024 17:18

آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے صدر مملکت منتخب
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 مارچ2024 ء) حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے ملک کے14ویں صدر مملکت منتخب ہوگئے،حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار آصف زرداری کو قومی اسمبلی سمیت چاروںصوبائی اسمبلیوں سے 255 ووٹ ملے جبکہ محمود اچکزئی119ووٹ حاصل کرسکے۔ مجموعی طور پر قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں سے آصف زرداری 410.777 الیکٹورل ووٹ لیکر صدر پاکستان منتخب ہوگئے جبکہ محمود خان اچکزئی نے 180.34 الیکٹورل ووٹ حاصل کرسکے۔

آصف علی زرداری کے صدر منتخب ہونے کااعلان ہوتے ہی قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں میں جیالوں کا جشن،ایوان جئے بھٹو ،جئے بھٹو ،آصف علی زرداری زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھے۔آصف علی زرداری کو قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں سے259ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود اچکزئی 119ووٹ حاصل کرسکے ۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ سے ایک ووٹ مسترد کیا گیا۔

حکومتی اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری کوپنجاب اسمبلی سے 246 ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل محمود اچکزئی100ووٹ حاصل کرسکے۔پنجاب اسمبلی میں6ووٹوں کومسترد کر دیاگیا ۔اسی طرح سندھ اسمبلی سے آصف علی زرداری کو 151ووٹ ملے، محمود اچکزئی کوسندھ اسمبلی میں 9ووٹ پڑے جبکہ 2ووٹ عدالتی حکم کے باعث شمار نہیں کئے گئے۔اسی طرح خیبرپختونخوا اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود اچکزئی کو 91ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل آصف علی زرداری یہاں سے 17ووٹ حاصل کر سکے ۔

صدارتی انتخاب میں بلوچستان اسمبلی سے آصف علی زرداری نے کلین سوئپ کرتے ہوئے 47ووٹ حاصل کئے جبکہ محمود اچکزئی بلوچستان اسمبلی سے کوئی ووٹ حاصل نہیں کر سکے۔صدارتی الیکشن میں پارلیمنٹ ہاوٴس میں380راکین اسمبلی جن میں قومی اسمبلی کے 296 اورسینیٹ کے 84 اراکین جبکہ پنجاب اسمبلی میں352ممبران، سندھ اسمبلی میں 161اراکین، خیبرپختونخوااسمبلی میں 109 ممبران اسمبلی جبکہ بلوچستان اسمبلی میں47اراکین نے ووٹ کاسٹ کئے۔

آج ہونے والے صدارتی انتخاب کیلئے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی۔صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل صبح 10 سے شام 4 بجے تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہا۔ قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین نے اپنے ووٹ کاسٹ کئے ۔ ملک کے14ویں منتخب ہونے والے صدر مملکت کی تقریب حلف برداری کل ہوگی،حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں کل شام 4بجے منعقد کی جائیگی ،چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نومنتخب صدر سے حلف لیں گے۔

حلف برداری کی تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد سمیت وزیراعظم شہباز شریف،مسلم لیگ ن کے قائد نواز،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ،سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی ،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق،چاروں صوبوں کے گورنرزاور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ،غیر ملکی سفیروں سمیت مختلف سیاسی شخصیات اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران شرکت کرینگے۔ ایوان صدر نے حلف برداری کی تقریب کیلئے دعوت نامے جاری کر دئیے ہیں