Live Updates

چاروں صوبے وفاق کی اکائیاں ہیں، ہم مل کر چلیں گے تو ملک ترقی کرے گا

وفاقی حکومت چاروں صوبوں کے ساتھ مضبوط روابط پر یقین رکھتی ہے، خیبرپختونخوا کے تمام جائز مطالبات پورے کریں گے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈا پور سے ملاقات میں گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 مارچ 2024 19:43

چاروں صوبے وفاق کی اکائیاں ہیں، ہم مل کر چلیں گے تو ملک ترقی کرے گا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 مارچ 2024ء) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت چاروں صوبوں کے ساتھ مضبوط روابط بنانے پر یقین رکھتی ہے، ہمیں مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالنا ہوگا، عوامی فلاح وبہبود ہماری مشترکہ اولین ترجیح ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبے وفاق کی اکائیاں ہیں، چاروں صوبے مل کر چلیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے وزیراعظم کو صوبہ خیبر پختونخوا کے انتظامی امور پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا ملک کی معاشی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے، وزیراعظم نے کہا ہمیں مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ہماری تمام مشترکہ کاوشوں میں عوامی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہو گی، وفاقی حکومت چاروں صوبوں بشمول خیبر پختونخوا کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے اور روابط مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اچھی نیت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے اور ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر ریاستی و سرحدی امور امیر مقام اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ اسی طرح وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے بعد ن لیگی رہنماؤں امیر مقام اور احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میری وزیراعظم سے پہلی ملاقات تھی، ظاہر اب ہماری حکومتیں قائم ہوچکی ہیں، اب ہمارے لیے عوام کے اور صوبے کے مسائل ان کو حل کرنا ہے ،عوامی مسائل پر بات چیت ہوئی ، وزیراعظم سے ملاقات انتہائی مثبت رہی، وزیراعظم نے ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، وفاق کے ذمے ہمارے واجبات جو ہیں ان سے متعلق بات ہوئی، وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کا پیسا آپ کا حق ہے وہ ہم ادا کریں گے ۔

علی امین نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ پاکستان کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہیں، ہم بھی کوئی ایسی ڈیمانڈ نہیں کریں گے جو پوری نہ ہوسکے۔ہمارے پاس عوام کا مینڈیٹ ہے، عوام ہم سے توقعات رکھتی ہے، ساری عوام اب ہماری ذمہ داری ہے، اس کیلئے ہمیں ڈلیور کرنا ہے، عوام اور صوبے کے مسائل حل کرنے ہیں، پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے ہمارے صوبے کا جو بھی کردار ہوا ادا کریں گے ، پہلے بھی بجلی اور گیس کی پیداوار میں ہمارا صوبہ کافی حصہ ڈال رہا ہے، وزیراعظم نے جو وعدہ کیا ہے امید ہے وہ پورا کریں گے کوئی جھوٹ یا دھوکا نہیں ہوگا، وزیراعظم افسران کو بھی کہا کہ وہی ٹائم فریم دیں جس پر پورا اتر سکیں۔

آئی ایم ایف کو خط میں بانی پی ٹی آئی کا مئوقف یہ نہیں تھا کہ پاکستان کو قرضہ نہ دیا جائے، وزیراعظم کو کہا کہ سینیٹ الیکشن آرہے ہیں عمران خان سے سیاسی ملاقاتوں کی اجازت یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پورکی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے بعد ن لیگی رہنماؤں احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین کی ملاقات کا خیرمقدم کرتا ہوں، وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے جو بھی واجبات ہیں وہ ادا کریں گے، وزارت خزانہ کو پابند کیا ہے کہ آئی ایم ایف مذاکرات کے بعد واجبات کا مسئلہ حل کیا جائے، اسی طرح وزیراعلیٰ کی شکایت پر وزیراعظم نے سحری اور افطاری میں بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی کہ عوام کو سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور خیبرپختونخواہ کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے تو مستقل طور پر وفاق کے ساتھ مل کر کام کرے ، وزیراعلیٰ علی امین ان قیدیوں کا بھی ذکر کیا کہ جن پر الزام کے کوئی شواہد نہیں، ان کو قانون کے مطابق انصاف ملنا چاہیئے، جس پر وزیراعظم یقینی بنائیں گے کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیئے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی میٹنگ کا خلاصہ سیاست اپنی اپنی لیکن ریاست سانجھی ہے۔سیاست تو ہم کررہے ہیں لیکن ہم نے مل کر پاکستان کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنا ہے، پاکستان کی ترقی، امن واستحکام کیلئے شانہ بشانہ مل کر کام کرنا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات