Live Updates

حسن اور حسین نواز کی بریت سے متعلق فیصلہ محفوظ

العزیزیہ، ایون فیلڈ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں اسلام آباد کی احتساب عدالت آج ہی فیصلہ سنائے گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 مارچ 2024 10:51

حسن اور حسین نواز کی بریت سے متعلق فیصلہ محفوظ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مارچ 2024ء ) احتساب عدالت نے تین ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کی بریت سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا، العزیزیہ، ایون فیلڈ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں اسلام آباد کی احتساب عدالت آج ہی فیصلہ سنائے گی۔ تفصیلات کے مطابق حسن نواز، حسین نواز کی تین ریفرنسز میں بریت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوئی، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سماعت کی، احتساب عدالت نے نیب کو آج ریکارڈ جمع کروانے کی ہدایت دے رکھی تھی، نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح احتساب عدالت پہنچے، اس موقع پر احتساب عدالت نے استفسار کیا ’بریت کی درخواست پر آپ کی رپورٹ آنی تھی‘، جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول نے بتایا کہ ’اس کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ رکاوٹ نہیں، عدالت اس کیس کا فیصلہ کرسکتی ہے‘۔

(جاری ہے)

اس موقع پر احتساب عدالت نے ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم آپکا بیان ریکارڈ کرلیتے ہیں‘، جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول نے کہا کہ ’آپ میرا بیان ریکارڈ کرلیں ، یہ کیس نیب ترامیم سے متعلق نہیں ہے، اس کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر کی حد تک فیصلہ بھی کرچکی، مریم نواز کی بریت کیخلاف ہم نے اپیل دائر نہیں کی، حسن اور حسین نواز پر سازش اور معاونت کا الزام ہے، اس کیس میں مرکزی ملزم بری ہوچکے ہیں‘۔

اس کی تائید کرتے ہوئے قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے بھی عدالت کو بتایا کہ ’اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو بری کیا، جن دستاویزات پر انحصار کرتے ہوئے عدالت نے مریم نواز کو بری کیا ان ہی پر نواز شریف کی بریت ہوئی، نیب نے مریم نواز کی بریت کیخلاف اپیل دائر نہیں کی تھی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی ہائیکورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے‘، قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے نواز شریف کی بریت کا مختصر فیصلہ پڑھ کر بھی سنایا، بعد ازاں عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات