کشمیریوں پر بھارتی مظالم، اقوام متحدہ او آئی سی یورپی یونین سمیت بااثر ممالک سے کردار ادا کریں،چوہدری نعیم اختر

منگل 19 مارچ 2024 13:43

فرانس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس،ممبر مرکزی مجلس عاملہ مسلم لیگ ن وسابق کوآرڈینیٹر وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر برائے یورپ چوہدری نعیم اختر نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت سوز اور مسلمان دشمنی،مذہبی عداوت پر مبنی کالے قوانین کے نفاذ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اقوام متحدہ او آئی سی یورپی یونین سمیت بااثر ممالک سے فوری کردار ادا کرنے کا پرزور مطالبہ کر دیا اور کہا کہ اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پانچ اگست دو ہزار انیس کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت اور شہریت کے قانون میں ترمیم کر کے آرٹیکل تین سو ستر اور دفع پینتیس اے کا خاتمہ کردیا تھا بھارت نے اگر توسیع پسندانہ عزائم اور اکھنڈ بھارت کی پالیسیاں ترک نہ کیں تو بھارت کو بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا ان خیالات کا اظہار چوہدری نعیم اختر نے بھارت کی جانب سے مسلمانوں کو شہریت دینے کیلئے گیارہ سال کی شرط اور پردادا کا ڈومیسائل لانے کو لازمی قرار دینے کے قانون کے نفاذ پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بھارت ایک قابض ملک ہے جو دہشتگردی کو فروغ دیکر دنیا بھر کا امن غارت کرنا چاہتا ہے لہذا اس بھیانک چالوں اور ظالمانہ اقدامات کے خلاف دنیا اپنے وجود کا احساس دلائے انھوں نے کہا کہ بھارت 8 لاکھ قابض افواج کے ذریعے عوام کو اپنے جابرانہ قبضے میں نہیں رکھ سکتا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نہتے پرامن انسانوں کی خونریزی میں سر تا پا ڈوبے ہوئے ہیں انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت معروف کشمیری صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی رپورٹ پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ بہت جلد مقبوضہ جموں وکشمیر کے کشمیریوں کو ان کا ہیدائشی حق حق خودارادیت مل کر رہے گا اور کشمیری اپنی تحریک میں کامیاب ہونگے۔