چوہدری لطیف اکبرکی مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ، نیشنل پارٹی اور پیپلزلیگ پر پابندی کی شدید مذمت

جمعرات 21 مارچ 2024 15:51

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ، نیشنل پارٹی اور پیپلزلیگ پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ او ر اقوام عالم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی پابندیا ں ختم کرے ، کشمیری لیڈر شپ پر ظلم بند کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر انسانیت شرما گئی،اسرائیل کی فوجی امداد بند ہونی چاہیے۔ میر علی واقعہ میں شہیدہونے والے افواج پاکستان کے جوانوں اور افسران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سپیکر اسمبلی نے جمعرات کے روز پی آئی ڈی کمپلیکس میں وزراء حکومت سید بازل علی نقوی، سردار جاویدایوب اور سابق امیدوار اسمبلی و مرکزی رہنما پیپلز پارٹی شوکت جاوید میر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پانچ اگست 2019کے واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے مظالم کا سلسلہ تیز کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری حریت قیادت کو چن چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے، بابائے حریت سید علی گیلانی کی نمازجنازہ تک ادا نہیں کرنے دی گئی، اشرف صحرائی کو ہسپتال میں سہولیات سے محروم رکھا گیا، یاسین ملک پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں ختم کروانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں خرم پرویز جیسے سماجی کارکن بھی بھارت کے جبر سے محفوظ نہیں۔

سپیکر اسمبلی نے سابق صدر ریاست کیپٹن ریٹائرڈ احمد علی شاہ کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر حکومت کو اسمبلی اجلاس بلانا چاہیے ۔ سیاسی جماعتوں کو بھی مل بیٹھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مل بیٹھناہوگا یہ انکی ذمہ داری ہے۔ وزیروائلڈ لائف فشریز و ادارہ ترقیات مظفرآباد سردارجاوید ایوب نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے انتخابات رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہو سکتے، کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ وزیر سماجی بہبود وترقی نسواں سید بازل علی نقوی نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا واحدحل کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دینا ہے تاکہ وہ آزادی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔