Live Updates

عمران خان نے اتنی عیاشی پوری زندگی میں نہیں کی جتنی جیل میں کر رہے ہیں، کیپٹن ر صفدر

اڈیالہ جیل میں قید ایک قیدی کو عام قیدیوں کی طرح حقوق حاصل ہیں، دیسی مرغی، انڈے مل رہے ہیں اور کیا چاہیئے۔ ن لیگی رہنماء کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 25 مارچ 2024 11:19

عمران خان نے اتنی عیاشی پوری زندگی میں نہیں کی جتنی جیل میں کر رہے ہیں، ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان جیل میں جتنی عیاشی کر رہے ہیں، اتنی عیاشی انہوں نے اپنی پوری زندگی نہیں کی۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں قید ایک قیدی کو عام قیدیوں کی طرح حقوق حاصل ہیں، سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں دیسی مرغی، انڈے مل رہے ہیں اور کیا چاہیئے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر نے کہا کہ نہ تو میٹرو ٹرین اور نہ ہی یہ حکومت چلنے والی ہے، زبانی باتوں سے ٹرین نہیں چلتی علی امین نے خواب میں ٹرین چلائی ہوگی، خیبرپختونخوا حکومت شہباز شریف کی نقل کر رہی ہے، خیبرپختونخوا حکومت پہلے 11 سو ارب روپے کا قرض تو ختم کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینیٹ امیدوار اعظم سواتی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھایا ہے، جنرل الیکشن میں بھی اعتراض کے بعد انہیں نااہل کیا گیا تھا۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دستیاب سہولیات سے متعلق حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ 179 دنوں میں بانی پی ٹی آئی سے 65 افراد نے 976 ملاقاتیں کیں، اس حوالے سے حقائق سامنے آنے چاہئیں، عمران خان کے 179 دن میں 30 لاکھ روپے سے زائد کے کھانے کے اخراجات کے بارے میں حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں، بانی پی ٹی آئی کے خصوصی رہائشی یونٹ پر 1 کروڑ روپے کے اخراجات کے بارے میں حقائق بھی سامنے لائے جائیں۔

خیال رہے کہ صحافی زاہد گشکوری نے نیو نیوز کے پروگرام میں جیل ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ سابق چئیرمین تحریک تحریک انصاف کی خوراک کی مد میں چھ ماہ میں 35 لاکھ روپے سے زائد خرچ کرچکے ہیں، جیل میں سات ہزار سے زائد قیدیوں نے 6 ماہ میں 7 ہزار 256 ملاقاتیں کیں، مجموعی طور پر 300 سے 400 افراد ہر ہفتے قیدیوں سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کی جیل سے تصویر لیک کرنے والے کا پتا چل گیا ہے، اس ضمن میں ہونے والی تحقیقات کے مطابق سابق چئیرمین پی ٹی آئی سے ملاقات میں ایک وکیل نے پین کیمرہ سے تصویر لی جس کا تعلق لاہور سے ہے، ذمہ داروں کے خلاف ایکشن کی سفارش کر دی گئی ہے جب کہ سابق چئیرمین تحریک انصاف اڈیالہ جیل میں گزشتہ 6 ماہ میں 976 ملاقاتیں کرچکے ہیں، ملاقات کرنے والوں میں 65 مختلف شخصیات ہیں۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات