صدرآصف علی زرداری وفاق پاکستان کی علامت ہیں، وزیربحالیات

صدر زرادی پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے سمیت عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کرینگے،جاوید بڈھانوی

منگل 26 مارچ 2024 13:47

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر بحالیات جاوید بڈھانوی نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری وفاق پاکستان کی علامت ہیں۔ صدر زرادی پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے سمیت عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کرینگے اور تمام اکائیوں کو یکساں حقوق دینگے ان خیالات کا اظہار انھوں نے سابق وزیر اطلاعات ومرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر سردار عابد حسین عابد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی محروم طبقات کی نمائندہ جماعت ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرینگے۔انھوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اٹھارہویں آئینی ترمیم کے ذریعے جمہوریت کو مضبوط کیا کہ آصف علی زرداری نے صوبوں کو خود مختاری دے کر وفاق کو مضبوط کیا، اٹھارہویں آئینی ترمیم وفاق اور تمام اکائیوں کے درمیان میثاق ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام چاہتی ہے انھوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ صوبوں کا آئینی حق ہے، کسانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے، کسان ملک کو خوراک کی پیداوار میں خود کفیل کریں گے۔