سابق صدر آزاد جموں کشمیر میر واعظ یوسف شاہ اور ایڈووکیٹ جلیل اندرابی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دعائیہ مجلس کا اہتمام

بدھ 27 مارچ 2024 13:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان کے زیر اہتمام دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔ اس مواقع پر ممتاز سیاسی و مذہبی رہنما مادر ملت و مفسر قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ اور ایڈورکیٹ جلیل اندرابی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

دعائے مجلس میں معروف کشمیری سکالر اور سیاسی رہنماء میر واعظ محمد یوسف شاہ کی برسی کے موقع پر انہیں ان کی مذہبی، سیاسی اور سماجی خدمات پر شاندرا خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ میر واعظ محمد یوسف شاہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے محمود احمد ساغر نے کہا کہ میر واعظ کشمیر نے قرآن مجید کا کشمیری زبان میں ترجمہ اور تفسیر کا عظیم کارنامہ سر انجام دیا جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق کے کارکن ایڈووکیٹ جلیل اندرابی کی برسی پر ان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا گیاکہ ان کا بہیمانہ قتل کشمیریوں کے دلوں میں نقش ہے اور کشمیری عوام انہیں کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انسانی حقوق کے معروف کشمیری کارکن اورسینئر وکیل ایڈوکیٹ جلیل اندرابی کے اہل خانہ 28 سال گزرجانے کے باوجود انصاف سے محروم ہیں۔ جلیل اندرابی کو بھارتی فوج کی 35 راشٹریہ رائفلز کے میجر اوتار سنگھ نے 8مارچ 1996کو گرفتار کیا تھا اور تین ہفتے بعد 27 مارچ 1996کو ان کی لاش سرینگر کے علاقے بادشاہی باغ کے قریب دریائے جہلم سے برآمدہوئی تھی۔

بھارتی فوجیوں نے جلیل اندرابی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے پر شہیدکر دیا تھا اور وہ آخری دم تک علاقے میں بھارتی فوجیوں کے جرائم پرشدید تنقید کرتے تھے مقررین نے کہا کہ بھارت کے جبری تسلط سے جموں و کشمیر کی آزادی تک اپنے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر اپنا عملی رد ِ عمل ظاہر کرنا چاہے۔

اْنہوں نے کہا کہ ہم دنیا کی نامور انسانی حقوق کے تحفظ کی تنظیموں خاص کر ایمنسٹی انٹرنیشنل،ایشاء واچ،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جموں کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سنجیدہ نوٹس لیکر انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق اپنی اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ اس موقع پر میرواعظ مولوی یوسف شاہ, ایڈوکیٹ جلیل اندرابی، اشفاق مجید وانی، ڈاکٹر عبداللہ گورو، بشیر صدیقی اور دیگر شہدائے کشمیرکے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاکی گئی۔ شرکا غلام محمد صفی، ، سید یوسف نسیم، پروفیسر محمد اشرف صراف، الطاف حسین وانی، شیخ عبدلمتین، محمد رفیق ڈاراور دیگر نے شرکت کی۔