Live Updates

توشہ خانہ کیس؛ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطل، رہا کرنے کا حکم

سزا کے خلاف اپیل عید کے بعد مقرر کریں گے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے ریمارکس

Sajid Ali ساجد علی پیر 1 اپریل 2024 14:40

توشہ خانہ کیس؛ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطل، رہا کرنے کا حکم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اپریل 2024ء ) توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطل کردی گئی، عدالت نے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ نیب ریفرنس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی جہاں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس پر سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر عدالت نے استفسار کیا کہ ’کیا آج اپیل سماعت کے لیے مقرر ہے؟ مرکزی اپیل شروع نہیں کریں گے اگر آپ چاہتے ہیں تو سزا معطلی پر دلائل دے دیں‘، جس کے جواب میں وکیل علی ظفر نے کہا کہ ’ہم سزا معطلی کی بجائے مرکزی اپیل پر دلائل دیں گے‘، اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ’سائفر کیس کل سماعت کے لیے مقرر ہے جو کچھ دنوں میں مکمل ہو جائے گا، توشہ خانہ کیس آج سن کر کل سماعت کے لیے نہیں رکھ سکتے، سائفر کیس میں ایف آئی اے کے دلائل شروع ہونے ہیں، نہیں معلوم وہ کتنا وقت لیتے ہیں، اس لیے ہم توشہ خانہ کیس کو عید کے بعد رکھ لیتے ہیں‘۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ’کیا نیب سزا معطلی پر کوئی موقف پیش کرنا چاہتا ہے؟‘ جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ’فیصلے کا جائزہ لیا ہے یہ سزا معطلی کا کیس ہے اور ہمیں سزا معطلی پر کوئی اعتراض نہیں تاہم اپیلیں ابھی نہیں سنی جاسکتیں‘، تاہم عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ ’سزا معطلی کے ساتھ سزا کا فیصلہ بھی معطل کر دیا جائے‘، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ’وہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے ابھی اس کو چھوڑ دیں‘، بعد ازاں توشہ خانہ نیب کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطل کرکے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ سزا کے خلاف اپیل عید کے بعد مقرر کریں گے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کو سزائیں سنائی تھیں، کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ریفرنس میں 14، 14 سال قید کی سزا سنائی گئی جب کہ سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو 10 سال کے لیے کسی عوامی عہدے کیلئے نا اہل بھی قرار دیا گیا، اس حوالے سے کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں کی اور عمران خان و بشریٰ بی بی کو سزائیں سنائیں، جس میں سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ پر 1 ارب 57 کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات