راجہ فاتح محمود کیانی کی انجینئر امیر مقام کو وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان تعیناتی پر مبارکباد

اتوار 7 اپریل 2024 15:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2024ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے کوآرڈینیٹر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر راجہ فاتح محمود کیانی نے ون آن ون اہم ملاقات کی ،ملاقات میں راجہ فاتح محمود کیانی نے انجینئر امیر مقام کو وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور گلدستہ پیش کیا۔

راجہ فاتح محمود کیانی نے انجینئر امیر مقام کو وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان کا وزیر بننے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک مدبر سیاستدان کا اس اہم وزارت پر تعینات ہونا کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کیلئے نہایت خوش آئند ہے۔انہوںنے کہاکہ انجینئر امیر مقام پاکستان کے سینئر سیاستدان اور قائد پاکستان مسلم لیگ ن محمد نواز شریف اور وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف کے جانثار سپاہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ امیر مقام کا مسئلہ کشمیر پر بھی ہمیشہ سے اصولی موقف رہا ہے اور وہ ہر مقام پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کا دفاع کرتے رہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ اس اہم ترین وزارت پر انجینئر امیر مقام کی تعیناتی سے خوشگوار تبدیلی آئے گی اور آزاد جموں وکشمیر و جی بی کے وفاق سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ اس موقع پر نو منتخب وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجیئنر امیر مقام نے راجہ فاتح محمود کیانی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے قائد محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق کشمیریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا جاندار کردار ادا کریں گے۔