آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں عید الفطرمذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نماز عید لاہور اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں ادا کی نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ اور ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں

جمعہ 12 اپریل 2024 11:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ اور ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عید الفطر کی نماز لاہور میں اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں ادا کی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں عیدالفطر کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں منعقد ہوا، پاکستان کے دورہ پر آئے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے خطبہ دیا اور نماز عید کی امامت کرائی۔ اعلی حکومتی شخصیات اور مسلمان ممالک کے سفرا اور بڑی تعداد میں شہریوں نے فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں عید کی نماز ادا کی جس میں انہوںنے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد انہوں نے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید مناتے ہوئے قوم کو ان بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔انہوں نے قوم سے کہا کہ وہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے ویژن کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عہد کریں۔

انہوں نے کہا کہ آئیے ہم ان لوگوں کا خیال رکھنے کا اعادہ کریں جنہیں ہماری ضرورت ہے اور ہم مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں جن کا خون آج بھی بہایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور حمزہ شہباز نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ نماز ادا کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوابشاہ میں عید کی نماز ادا کی اورملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی۔

صدر مملکت اس موقع پر مسجد میں موجود لوگوں سے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بھی عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی بادشاہی مسجد میں ہوا، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں عید الفطر کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے تمام شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں اور دیگر علاقوں میں مساجد اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، کراچی میں پولو گرائونڈ میں گورنر سندھ سمیت دیگر سیاسی رہنمائوں نے نماز عید ادا کی۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، عید الفطر کی نماز کے بعد ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی شہریوں نے مساجد اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید ادا کی۔

کوئٹہ اور ملک دیگر شہروں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان میں بھی عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی ، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد ،امام بارگاہوں ، کھلے میدانوں اور عیدگاہوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے ، علما کرام نے اپنے خطبات میں عید الفطر کی فضلیت اور پر مسرت تہوار پر روشنی ڈالی، ملک کی ترقی ، خوشحالی اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

ملک بھر میں عیدالفطر کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ میٹھی عید کی بڑی خوشیاں منانے کے لئے خواتین بچوں اور منچلوں نے اپنے اپنے انداز میں عید منائی، اس حوالے سے چاند رات کو مارکیٹوں اور بازاروں میں رات گئے تک خوب رش رہا،خواتین بیوٹی پارلر اور مہندی لگانے اوررنگ برنگی چوڑیوں کے اسٹالوں پر مصروف رہیں جبکہ نوجوان اور منچلے ہیر سیلون کی دکانوں پر تیار ہوتے نظر آئے۔