سید یوسف رضا گیلانی آئین کی سربلندی اور ملکی ترقی کے لئے اپنا تعمیری کردار ادا کریں گے،چوہدری واجد علی برکی

منگل 16 اپریل 2024 15:29

مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) سابق نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی یوکے،معروف بزنس مین،سابق مشیر صدر ریاست برائے اوورسیز چوہدری واجد علی برکی نے سید یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اپنے تہنیتی پیغام میں انھوں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی تجربہ کار اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سید یوسف رضا گیلانی آئین کی سربلندی اور ملکی ترقی کے لئے اپنا تعمیری کردار ادا کریں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی کا زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات اور کامیابیوں کا شاندار ریکارڈ رہاہے۔

(جاری ہے)

آپ نے جمہوریت، تنوع اور ترقی کے تئیں اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ آپ نے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے اپنے ملک اور عالمی برادری کو متاثر کرنے والے مسائل کا سامنا کرنے میں اپنی بصیرت، دانشمندی اور ہمت کا مظاہرہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی خوشحال پاکستان کے لئے بھر پور معاونت کرینگے۔مجھے پوری امید ہے سید یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں سینیٹ جمہوری اصولوں کے مطابق تعمیری مکالمے اور مباحثے کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے لئے سید یوسف رضا گیلانی کا تجربہ یقینا ًوطن عزیز کی ترقی میں مفید ثابت ہوگا۔