بھارتی فوجیوںنے مقبوضہ کشمیرمیںگرفتاریوں کا نیا سلسلہ شروع کردیا

کشمیریوں کو جابرانہ ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جا سکتا، کل جماعتی حریت کانفرنس

منگل 16 اپریل 2024 17:42

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںبھارتی فوجیوں نے پارلیمانی انتخابات سے قبل محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں، چھاپوں اور گرفتاریوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ضلع بارہمولہ میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں کے دوران آٹھ بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کر لیا۔

گرفتارکئے گئے افراد کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انہیں ڈسٹرکٹ جیل ادھم پور اور کوٹ بھلوال جیل جموں میں نظربند کیاگیا ۔ فورسز اہلکاروں نے گزشتہ چند دنوں کے دوران مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران سینکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جن میں سے بیشتر نوجوانوں کو کالے قوانین کے تحت جیلوں میںقید کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر درجنوں نوجوانوں کو تھانوں میں طلب کرکے انہیں ہراساں کیاجاتاہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے گرفتاریوں اور چھاپوں کو سیاسی انتقام کی بدترین کارروائی قرار دیاہے تاکہ جموںو کشمیرپر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے پر کشمیریوں کو سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی کشمیریوں میں خوف ودہشت پیدا کرنے کیلئے ظالمانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔ حریت ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت جابرانہ اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتی اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ دریں اثناء سرینگر کے علاقے بٹوارہ میں آج دریائے جہلم میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 6افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 3ابھی تک لاپتہ ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں کشتی الٹنے کے المناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے حفاظتی اقدامات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ اس دل دہلا دینے والے واقعے سے متاثر ہونے والوں کی بھرپور مدد کریں۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے آج سید یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

ایک خط میں محمودساغر نے کہا کہ کشمیری عوام پرامید ہیں کہ وہ کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں گے جنہیں بھارت کے غیر قانونی تسلط کا سامناہے۔، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ا ندرونی اور بیرونی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ جدوجہد آزاد ی میں مصروف کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔