Live Updates

ضمنی الیکشن، قومی اسمبلی کے ایک حلقے کا مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 اپریل 2024 21:06

ضمنی الیکشن، قومی اسمبلی کے ایک حلقے کا مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2024ء ) ضمنی الیکشن میں قومی اسمبلی کے ایک حلقے کا مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا۔ دنیا نیوز کے مطابق این اے 196 قمبر شہداد کوٹ 1 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار خورشید احمد جونیجو اور تحریک لبیک کے محمد علی مدمقابل آئے، اس حلقہ کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پیپلزپارٹی کے خورشید احمد جونیجو 56 ہزار 790 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب کہ تحریک لبیک کے محمد علی 2 ہزار 896 ووٹ حاصل کرسکے۔

بتایا گیا ہے کہ این اے 8 باجوڑ میں مسلم لیگ ن کے شہاب الدین خان، سنی اتحاد کونسل کے گل ظفر خان، پیپلز پارٹی کے سید اخونزادہ چٹان اور آزاد امیدوار مبارک زیب نے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا جہاں آزاد امیدوار مبارک زیب 3 ہزار 732 ووٹ لے کر آگے ہیں جب کہ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان 1 سے مسلم لیگ ن کے ضمیر حسین، سنی اتحاد کونسل کے فیصل امین خان، جے یو آئی پاکستان کے ضیا الرحمان نے الیکشن میں حصہ لیا جہاں فیصل امین 11ہزار 084 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح این اے 119 لاہور 3 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار علی پرویز ملک اور سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق میں مقابلہ ہوا جہاں علی پرویز ملک 13 ہزار 499 ووٹ لیکر آگے ہیں جب کہ این اے 132 قصور 2 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک رشید احمد اور سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر ایک دوسرے کے مدمقابل ہوئے جہاں اب تک کے نتائج میں ملک رشید احمد 57 ہزار 213 ووٹ لیکر آگے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کا پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا، جس کی وجہ سے ضمنی الیکشن میں پولنگ گا عمل مقررہ وقت پر 5 بجے ختم ہوگیا، ووٹنگ کا وقت ختم ہونے پر تمام پولنگ سٹیشنز کے دروازے شام 5 بجے بند کر دیئے گئے، تاہم اس دوران پولنگ سٹیشن کے احاطے کے اندر موجود لوگوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی گئی، یوں ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا ، ضمنی الیکشن کے سلسلے میں صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 2،2 اور صوبہ سندھ کی ایک نشست پر پولنگ ہوئی اس کے علاوہ پنجاب میں 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 2،2 صوبائی نشستوں پر بھی ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ ضمنی الیکشن میں وزیر اعظم شہباز شریف کی خالی کردہ نشست این اے 132 قصور پر ن لیگ کے ملک رشید احمد خان اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر مدمقابل ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خالی کی ہوئی نشست این اے 119 لاہور پر ن لیگی امیدوار علی پرویز ملک کا پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق سے مقابلہ ہے، صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی خالی کردہ نشست این اے 44 پر آزاد امیدار فیصل امین گنڈاپور اور پیپلز پارٹی کے عبدالرشید کنڈی میں کانٹے کے مقابلے توقع کی جارہی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات