سردارعتیق احمد خان رابطہ عالمی کانفرنس کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے

عرب امارات کی پاکستان کیساتھ دوستی لازوال ،تارکین وطن مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 22 اپریل 2024 20:15

ریاض / مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) سابق وزیراعظم آزادکشمیر اور آل جموں وکشمیر کے صدر سردارعتیق احمد خان رابطہ عالمی کانفرنس کے اجلاس میں شرکت کے لئے سعودی عرب پہنچ گئے ۔ریاض ائرپورٹ پر رابطہ عالمی کانفرنس کے اعلیٰ حکام نے سردارعتیق احمدخان کا استقبال کیا۔اس موقع پر مسلم کانفرنس سعودی عرب کے سینئر راہنما بھی ائرپورٹ پر سردارعتیق احمدخان کا استقبال کیا۔

صدرمسلم کانفرنس نے رابطہ عالمی کانفرنس کے اعلیٰ حکام کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن کشمیریوں اور پاکستانیوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر اپنا جاندار موقف پیش کیاہے۔ جہاں بھی کشمیریوں کے حقوق کی بات ہوئی ہے متحدہ عرب امارات نے کھل کر اس کی حمایت کی ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات کی پاکستان کے ساتھ دوستی لازوال ہے۔تارکین وطن مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے میں اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔

آج کشمیری عوام جس ظلم ودہشت گردی کاشکار ہیں، وہ قابل افسوس ہے۔ اوورسیز کشمیری بھارتی بربریت کو دنیا پرعیاں کریں۔ صدر مسلم کانفرنس نے او آئی سی پر زور دیا کے وہ کشمیر پر اپنا نمائندہ مقرر کرے کیونکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے تو او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

یاد رہے کہ سردارعتیق احمدخان کو اس انتہائی اہم اجلاس میں دعوت دی گئی ہے۔رابطہ عالم اسلامی کانفرنس کا گزشتہ ماہ 17 تا 20 مارچ سالانہ اجلاس منعقد ہوا تھا جس کی سربراہی سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلیمان نے کی تھی۔ رابطہ عالم اسلامی کانفرنس کا اجلاس فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں عالمی امن پر بڑھتے خطرات کے پیش نظر بلائی گئی ھے۔اس اجلاس میں آزادکشمیر سے قائد مسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان واحد سیاستدان ہیں جنہیں اس اھم کانفرنس میں دعوت دی گئی ھے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے میرواعظ عمرفاروق جیل میں نظر بند ھونے کے شر یک نہیں ھو سکیں گے۔