صدر زرداری پی ٹی آئی اور ہمارے درمیان مفاہمت کا کردار ادا کرنا چاہیں تو خوش آمدید کہیں گے، رانا تنویر حسین

مسلم لیگ ن جمہوری جماعت ہے کبھی کسی جماعت سے بات چیت یا مذاکرات سے نہیں بھاگی، پی ٹی آئی سے بات چیت کرنے کو تیار ہیں۔ وفاقی وزیر صنعت و پیدوار کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 اپریل 2024 12:27

صدر زرداری پی ٹی آئی اور ہمارے درمیان مفاہمت کا کردار ادا کرنا چاہیں ..
شیخوپورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2024ء ) وفاقی وزیر صنعت و پیدوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے صدر آصف علی زرداری پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت اور ہمارے درمیان مفاہمت کا کردار ادا کرنا چاہیں تو خوش آمدید کہیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جمہوری جماعت ہے کبھی کسی جماعت سے بات چیت یا مذاکرات سے نہیں بھاگی، پی ٹی آئی سے بات چیت کرنے کو تیار ہیں مگر اس کے رہنماؤں کو پاکستان کے حق میں بولنا پڑے گا، وزیراعظم شہباز شریف کی پہلی ترجیح معیشت کی بحالی اور مہنگائی پر قابو پانا ہے، دو تین ماہ میں مہنگائی میں مزید کمی آئے گی، معیشت بھی درست سمت میں گامزن ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم نہ بننے کا فیصلہ نوازشریف کا اپنا تھا، شہباز شریف کو بھی انہوں نے وزیراعظم بنایا، اندر سے ناجانے کیوں باتیں اٹھ رہی ہیں، نوازشریف آج وزیراعظم بننا چاہیں تو بن سکتے ہیں، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ہمیشہ سب کے ساتھ بیٹھنے اور ساتھ لے کر چلنے کی بات کی ہے، جب وطن لوٹے اس وقت بھی یہی بات کی تھی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی باتیں پاگل پن ہیں اور فاشسٹ ذہنیت کی عکاسی ہے، وزیر اعلی خیبر پختونخوا چڑھائی کا شوق پورا کر لیں، ہم اگلے روز گورنر راج لگا کر عقل ٹھکانے لگا دیں گے، تحریک انصاف کے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی بات چیت پر یقین رکھتے ہیں مگر پی ٹی آئی جب تک سیاسی سوچ پیدا نہیں کرے گی اس سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹو کانفرنس میں تمام قوتوں نے مل کر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کا اعادہ کیا ہے، افواج پاکستان عوامی حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں، 3 بلین ڈالر کے بلاسود قرضے حاصل کرنے والوں کے نام سامنے آنے چاہئیں، فیک نیوز کے خلاف سخت کارروائی کا قانون ایک دو روز کی دوری پر ہے، یوریا کھاد کی قیمت میں بلاجواز اضافہ واپس کرائیں گے۔