بھارت کشمیریوں کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے، حریت رہنما

پیر 29 اپریل 2024 18:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) غیر قانونی طورپر نظربندکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے لئے جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمدشاہ نے بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے کشمیری نوجوانوں کے نام ایک پیغام میں کہاکہ حریت پسندتنظیموں پر پابندیوں، گھروں اور دفاتر کی ضبطی اور کشمیری نوجوانوں کو ہراساں اور گرفتار کرنے سے ان کے عزم کوتوڑا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قیادت تختہ دار پر بھی اپنے اس موقف سے دستبردار نہیں ہوگی کہ جموں و کشمیر ایک تنازعہ ہے جسے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آزادی اور خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد پر ثابت قدم رہیں۔ ادھرکرگل میں امام خمینی میموریل ٹرسٹ نے دہلی سے شائع ہونے والی ایک نصابی کتاب میں آیت اللہ خمینی کے بارے میں توہین آمیز مواد کی مذمت کرتے ہوئے پبلشر کے خلاف قانونی کارروائی اور کتاب ضبط کرنے کا مطالبہ کیا۔

ٹرسٹ کے رہنمائوں نے کرگل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے لداخ اور وادی کشمیر میں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے انتخابی مہم میں مسلم مخالف بیانیے کو فروغ دینے پر بی جے پی اور اس کے آلہ کاروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسلمانوں کو درانداز قرار دینے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا خوب مذاق اڑایا۔

ضلع گاندربل کے علاقے سونہ مرگ میں ایک مسافر گاڑی جس میں 9سیاح سوار تھے ، دریائے سندھ میں جاگری جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور دو لاپتہ ہوگئے۔ ادھرضلع بانڈی پورہ کی وادی گریز میں تازہ برف باری سے معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں۔ علاقے میںاسکول بند اوراشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ سرینگر جموں شاہراہ کو بھی آج رامبن میں چٹانیں اورمٹی کے تودے گرنے کے باعث ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ۔

ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم اور کشمیر ڈائیسپورا کوئلیشن نےجموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے واشنگٹن میں ایک ہنگامی اجلاس منعقدہ کیا۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی سمیت شرکا نے کہا کہ بھارت متنازعہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔