چینی باشندوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے آزاد کشمیر میں ایف سی تعیناتی کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کی اجازت دے دی آزاد کشمیرمیں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 6 پلاٹونز تعینات کیے جائیں گے ،تعیناتی 3 ماہ کے لیے ہوگی، ذرائع

بدھ 1 مئی 2024 18:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے، چینی باشندوں اور بجلی گھروں کیلئے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے فرنٹیئرکانسٹیبلری (ایف سی) تعینات کرنیکا فیصلہ کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کی اجازت دے دی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کی حکومت نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ایف سی کی خدمات حاصل کرنے کیلئے درخواست کی تھی۔ذرائع کے مطابق چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، نیلم جہلم پاور ہاؤس، منگلا پاور ہاؤس اور گل پور پاور ہاؤس کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے ایف سی تعینات ہوگی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیرمیں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 6 پلاٹونز تعینات کیے جائیں گے اور یہ تعیناتی 3 ماہ کے لیے ہوگی۔

یاد رہے کہ 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔17 اپریل کو وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور معاشی اشتراک کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، جبکہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی مہمانوں کی سیکیورٹی کے معاملے میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اس سلسلے میں گزشتہ ہفتے پنجاب میں چینی شہریوں اور کام کرنے والے افراد کی سیکیورٹی کے معاملے پر محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کو مراسلہ جاری کیا تھا۔

جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کے علاوہ کام کرنے والے چینی شہریوں اور ملازمین کی سیکیورٹی کو فوری طور پر بڑھایا جائے۔اس کے علاوہ مراسلے میں ہدایت دی گئی تھی کہ سرکاری و نجی اداروں میں کام کرنے والے چینی شہریوں کو بلٹ پروف گاڑیوں میں سفر کروایا جائے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مراسلے میں حکم دیا گیا تھا کہ چینی شہریوں کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں 2 روز میں خریدی جائیں یا کرائے پر حاصل کی جائیں۔