ْہمارامسئلہ آئی ایم ایف ہے ،شرائط بری لگتی ہیں مگر اس کے علاہ کوئی آپشن نہیں، طلال چودھری

آئی پی پیزاورکپسیٹی چارجزمیں جلدکوئی ریلیف نہیں مل سکتا،معاہدوں سے پیچھے ہٹے تو توبیرونی سرمایہ کاری کیسے آئے گی ، رہنماء (ن) لیگ

جمعہ 19 جولائی 2024 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2024ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء طلال چودھری نے کہا ہے کہ ہمارامسئلہ آئی ایم ایف ہے، ان کی شرائط ہمیں بری لگتی ہیں لیکن ہمارے پاس اس کے علاہ کوئی آپشن نہیں ،آئی پی پیزاورکپسیٹی چارجزمیں جلدکوئی ریلیف نہیں مل سکتا۔تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کہا لیگی رہنماء طلال چوہدری نے کہا کہ (ن) لیگ بزنس فرینڈلی کے طورپرجانی جاتی ہے، کراچی کی اہمیت سے کوئی دورائے نہیں، جب بھی موقع ملا کراچی کیلئے کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے امن کی بات آئے تونواز شریف سب کوساتھ بٹھاتے ہیں، کراچی کاامن 2013ء سے 2018ء میں واپس آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اسٹاک ایکسچینج اچھا پرفارم کررہی ہے، انرجی کرائسز کاحل قلیل مدت میں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب کاچولہا اورفیکٹریاں نہیں چل رہیں، وزیراعظم کا انڈسٹری پربھرپورفوکس ہے، ہمارامسئلہ آئی ایم ایف ہے، آئی ایم ایف کی شرائط ہمیں بری لگتی ہیں، مگر ہمارے پاس آئی ایم ایف کے علاہ کوئی آپشن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیزاورکپسیٹی چارجزمیں جلدکوئی ریلیف نہیں مل سکتا،یہ ریاستی معاہدے ہیں جوبہت سوچ سمجھ کر کئے گئے ہیں،اگران معاہدوں سے پیچھے ہٹیں گے توبیرونی سرمایہ کاری کیسے آئے گی ،بجلی قیمتوں اوردیگر معاشی مسائل سے ہماراسیاسی نقصان ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف تنخواہ دارطبقے کی زمہ داری نہیں کہ وہ ٹیکس بھرے،ٹیکس ٹوجی ڈی پی بڑھاناہوگا،مہنگائی میں کمی ہوئی ہے،آنیوالے دنوں میں شرح سود میں مزیدکمی ہوگی۔