Live Updates

ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، اسد قیصر

اسلام آباد سے میرے بھائی عدنان خان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں ، رہنماء پی ٹی آئی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 5 اکتوبر 2024 10:46

ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، اسد قیصر
 اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05اکتوبر 2024) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں،اسلام آباد سے میرے بھائی عدنان خان کو بھی گرفتار کرلیاگیا ہے ،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں،اپنے ایک بیان میں رہنماءپی ٹی آئی نے مزید کہا کہ حکومت نے کل کے ظلم کے سارے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں ۔

ہمارے پرامن رہنماﺅں و کارکنوں پر آنسو گیس کے ہزاروں شیل برسائے گئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے قافلے میں شریک کئی کارکن زخمی ہوگئے ہیں۔ حکومت نے کارکنوں پربدترین شیلنگ کی۔ پرامن سیاسی کارکنوں پر بے تحاشا شیلنگ کی گئی جبکہ کارکنوں پر فائرنگ بھی کی گئی بانی پی ٹی آئی عمران کی ہدایت کے مطابق ہم ہر صورت ڈی چوک پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں احتجاج اور بانی پی ٹی آئی کے اگلے حکم کا انتظار کریں گے۔

حکومت نے ظلم کی انتہاءکر دی ہے ۔ احتجاج کرنا ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روزبانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ ڈی چوک جاتے ہوئے گرفتار کر لیا گیاتھا۔عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان اور عظمی خان ڈی چوک پہنچی تو پولیس نے دونوں بہنوں کو گرفتار کر لیاگیا تھا۔ پولیس علیمہ خان کو وین میں بٹھا کر لے گئی تھی۔بانی پی ٹی آئیکی بہنوں کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیاتھا۔

یہ بھی بتایاگیاتھا کہ پولیس نے ڈی چوک، چونگی نمبر 26 سمیت دیگر مقامات سے پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے بدترین شیلنگ کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری تھا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے اور فوج کے دستوں کے علاوہ پولیس، رینجرز اور ایف سی اہلکار بھی تعینات ہیں، دارالحکومت میں پاک فوج کے دستے گشت کر رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا، پنجاب کے سرحدی علاقے اٹک خورد پر دونوں اطراف سے ٹریفک بند ہیں۔ پولیس نے خیبر پختونخوا جانے والی سڑک بھی بند کر دی۔ جی ٹی روڈ کی بندش سے دونوں صوبوں کے درمیان رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے پیش نظر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے اسلام آباد میں فوج نے سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیںتھیں۔پاک فوج کے دستوں نے ڈی چوک کا کنٹرول سنبھال رکھا تھا۔ پاک فوج کے دستوں کا ڈی چوک سمیت ریڈ زون میں گشت جاری ہے۔وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کے احکامات دیئے تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات