Live Updates

انتظار پنجوتھہ کو دیکھنے کے بعد جو آنسو میری آنکھوں سے بہہ رہے ہیں انہیں کیسے روکوں؟

بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی کا پی ٹی آئی کے وکیل کے اغواء اور گزشتہ رات دیر گئے ان کی ڈرامائی واپسی پر ردعمل

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 نومبر 2024 14:05

انتظار پنجوتھہ کو دیکھنے کے بعد جو آنسو میری آنکھوں سے بہہ رہے ہیں انہیں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 نومبر 2024ء ) بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی کا پی ٹی آئی کے وکیل انتظار حسین پنجوتھہ کے اغواء اور گزشتہ رات دیر گئے ان کی ڈرامائی واپسی پر ردعمل سامنے آگیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انتظار حسین پنجوتھہ کی ویڈیو دیکھنے کے بعد جو آنسو میری آنکھوں سے بہہ رہے ہیں انہیں کیسے روکوں؟ یہ تو ابھی ہماری فوج نے سیاست میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہوا ہے، عاصم منیر اس واقع سے بری الزمہ نہیں ہوسکتے۔

اسی حوالے سے جماعت اسلامی کے رہنماء سابق سینیٹر مشتاق احمد کہتے ہیں کہ یہ ہے ریاست کی نظر میں دہشتگرد؟ اسی دہشتگرد کیخلاف اب 3 ماہ کیلئے ریاستی جبری گمشدگی اور اغواکاری کو قانونی تحفظ دینے کیلئے دہشتگردی ایکٹ میں نئی ترامیم لائی گئی ہیں، یہ نامعلوم جو ہین وہ سب کو معلوم ہیں، اب انہوں نے مظلوموں کے ساتھ توہین و تذلیل کے بعد یہ ڈرامے بھی شروع کر دیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اٹارنی جنرل نے کیسے کہا کہ وہ 24 گھنٹوں میں بازیاب ہوجائے گا؟ ان کو اغوا کاروں کا علم تھا اور اس مقام کا بھی جہاں پر ان کو رکھا گیا، کیا سپریم کورٹ انسانی حقوق کی اس ذلت آمیز تلفی پر ایکشن لے گی؟ کیا وہ نامعلوم جو سب کو معلوم ہیں اور جو تمام قوانین سے اپنے آپ کو بالاتر سمجھتے ہیں ان کو قانو و آئین کے دائرے میں لائیں گے؟ لگتا ہے موجودہ فارم 47 کی مسلط شدہ حکومت جمہوریت، بشری حقوق، عوام اور پارلیمنٹ سے انتقام لے رہی ہے۔

گزشتہ رات عمران خان کے لاپتہ وکیل انتظار پنجوتھا رات دیر گئے بازیاب ہوئے، جیو نیوز نے رپورٹ کیا کہ پولیس مقابلے میں مبینہ اغوا کاروں کی گاڑی سے پی ٹی آئی رہنما کو بازیاب کرایا گیا، اٹک پولیس نے حسن ابدال میں ناکہ بندی پر مشکوک گاڑی کو روکا تو گاڑی میں سوار اغوا کاروں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، گاڑی میں اغوا کار گینگ ایک شخص کو لے جا رہے تھے، پولیس کی جوابی فائرنگ پر اغوا کار مغوی اور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے، پولیس نے مغوی کو بخیریت تحویل میں لے لیا بعد ازاں بازیاب مغوی کی شناخت انتظار پنجوتھا کے نام سے ہوئی۔

یاد رہے کہ عمران خان کے لاپتہ وکیل انتظار پنجوتھا 8 اکتوبر کو اچانک لاپتہ ہو گئے تھے، 9 اکتوبر کو وکیل علی اعجاز نے عمران خان کے ترجمان انتظار پنجوتھا کی مبینہ گمشدگی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے فوکل پرسن انتظار پنجوتھا کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور اعوان نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ 24 گھنٹے میں واپس آ جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات