میری چھت میرا گھر پروگرام عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے،رانا مشہود احمد خان

پیر 11 نومبر 2024 15:35

میری چھت میرا گھر پروگرام عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے،رانا مشہود ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2024ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے ، ملک کو بدنام کرنے والے عناصر اب خود بدنام ہو رہے ہیں ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف آئندہ ماہ گرین یوتھ موومنٹ پروگرام کا افتتاح کریں گے، حکومت وعدوں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ، میری چھت میرا گھر پروگرام عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو لاہور کے علاقے بابو صابو میں ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘سکیم کے تحت قرض کیلئے اہل قرار پانے والے خوش نصیب امیدواروں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ پسماندہ علاقوں کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں خاص طور پر ایسے علاقے جو لاہور میں ہوتے ہوئے بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ان علاقوں کے لئے خصوصی پیکج دیا ہے،آئندہ ایک سال میں یہاں ترقیاتی کام شروع کئے جائیں گے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے عوام کے لئے 7 سو ارب روپے کا شاندار،اپنی چھت، اپنا گھر، منصوبہ دے کر پنجاب کی عوام کے دل جیت لئے ہیں اور وہ جھولیاں اٹھا کر مریم نواز شریف کو دعائیں دے رہے ہیں، ہم دن رات عوام کی خدمت کر رہے ہیں، ملک ٹیک آف کرنے کی پوزیشن پر آگیا ہے، ملک میں مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی میں وفاقی حکومت دن رات دنیا کو اکھٹا کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ،مسلم امہ کی سربراہی کانفرنس ہویا باکو میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے عالمی برادری کا اکٹھا ہونا ہو ،پاکستان اپنا بھرپور کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،ماحولیاتی آلودگی میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے لیکن خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑ رہا ہے،پاکستان کی عوام پر ہوا اور روشنی تنگ کی جارہی ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف باکو جائیں گے اور اس مسئلے پر بات کریں گے۔

رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ حکومت اپنے انتخابی منشور پر عمل کرتے ہوئے نوجوانوں کو با ختیار بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، وفاق نے گرین یوتھ موومنٹ شروع کی ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف آئندہ ماہ اس پروگرام کا افتتاح کریں گے،گرین یوتھ موومنٹ و زیراعظم کامیاب جوان پروگرام کا انتہائی اہم پروگرام ہے جس کے تحت ملک میں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے درکار وسائل میں نوجوانوں کی مالی اعانت کرنے سمیت ماحولیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے عمل کو فروغ دینے کے لیے نوجوان ایجادکاروں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پلیٹ فارم فراہم کرنا بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوںکی روک تھام سے متعلق نہ صرف آگاہی فراہم کی جائے گی بلکہ مختلف شعبوں میں جدت آمیز طریقوں سے بحرانوں پر قابو پانے کے لیے چھوٹے پیمانے پر گرانٹس بھی مہیا کی جائیں گی۔ پروگرام کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ اور ماحول دوست رویے کو فروغ دینے کے لیے نوجوانوں کو متحرک کرنا ہے اور انہیںماحولیاتی تحفظ اور آب و ہوا کی تبدیلی سے متعلق ترقی و تحقیق کو فروغ دیناہے۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنے دور حکومت میں کھیلوں کی سرگرمیوں پر کوئی توجہ نہیں دی ،ڈیپارٹمنٹل سپورٹس جو بانی پی ٹی آئی نے ختم کردیا تھا اس کو دوبارہ بحال کردیا ہے،دنوں میں چیزیں ٹھیک نہیں ہوتی تاہم حکومت دن رات ملکی معاملات کو بہتر کرنے میں مصروف عمل ہے، پورے پاکستان میں ٹیلنٹ ہنٹ شروع کرنے جارہے ہیں،دنیا کے ممالک ہمارے پارٹنر بننے جارہے ہیں۔

رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ 22 سال بعد قومی کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا میں جیت پر کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی کوششوں کو سراہتا ہوں ،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے گراس روٹ لیول پر جو کام شروع کیا تھا ۔اس کی وجہ سے آج کامیابی ملی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف جلد الیکٹرانک وہیکل کا افتتاح بھی کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ سابق حکومت میں ملکی معشیت کو تباہ کیا گیا،2018 کے بعد کوئی بیرونی سرمایہ کاری ملک میں نہیں آئی ،اللہ کا شکر ہے کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت دنیا کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے اور جلد ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے، مہنگائی میں کمی اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں واضح کمی آرہی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے پاکستان کسی سے ڈکٹیشن نہیں لے گا،الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے،ہم ملکی سالمیت اورعوام کی فلاح کے لئے خلوص نیت سے کام کررہے ہیں۔