غلام بلورکے بھائی اورسابق سینیٹر الیاس احمد بلورانتقال کرگئے، نماز جنازہ (کل)ادا کی جائیگی

ہفتہ 16 نومبر 2024 15:55

غلام بلورکے بھائی اورسابق سینیٹر الیاس احمد بلورانتقال کرگئے، نماز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2024ء) سابق سینیٹر خیبرپختونخوا اور ممتاز صنعتکار الیاس احمد بلور انتقال کرگئے، مرحوم کی نماز جنازہ (کل)بروز اتوار بوقت 2 بجے وزیر باغ میں ادا کی جائے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سابق سینیٹر الیاس احمد بلور انتقال کرگئے، مرحوم اے این پی رہنما غلام بلور، شہید بشیر بلور اور عزیز بلور کے بھائی اور غضنفر بلور کے والد تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق الیاس بلور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور اسلام اباد میں نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، گزشتہ شب ان کی حالت بگڑ گئی اور خالق حقیقی سے جاملے۔سابق سینیٹر الیاس احمد بلور نے عملی سیاست کا آغاز نیشنل پارٹی کی رکنیت سے کیا تھا، وہ قومی اسمبلی کے رکن اور سینیٹر بھی رہ چکے ہیں جب کہ سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر اور مختلف چیمبرز کے اعلی منتخب عہدوں پر بھی رہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق سینیٹر اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما الیاس احمد بلور کے اِنتقال پر تعزیت کااظہارکیاہے۔ہفتہ کو ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اِظہار کیا۔صدر مملکت نے الیاس احمد بلور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت، ورثا کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوامی نیشنل پارٹی کے راہنما اور سابق سینیٹر الیاس احمد بلور کے انتقال پرافسوس کا اظہاراور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ الیاس احمد بلور کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ناقابل فراموش خدمات ہیں،الیاس احمد بلور نے بطور سینیٹر عوام کی بہترین نمائندگی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم کی سیاسی خدمات یاد رکھی جائیں گی،الیاس احمد بلور کے وصال سے سیاسی منظر نامے میں پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنا بہت مشکل ہے۔