صدر زرداری نے پیکا ایکٹ پر دستخط کر کے اپنی ڈیوٹی انجام دی ہے ‘مخدوم احمد محمود

ذاتی طور پر کسی بھی قسم کی قدغن کے خلاف ہوں ،مسائل ملکر حل کرنے کی ضرورت ہے‘سابق گورنر پنجاب

پیر 3 فروری 2025 18:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کیساتھ اتحاد میں گیونگ اور ریسونگ اینڈ چلنے تک مسئلہ حل نہیں ہو گا،مسائل ملکر حل کرنے کی ضرورت ہے،پیکاایکٹ کی ڈبیٹ کا حصہ نہیں مگر ذاتی طور پر کسی بھی قسم کی قدغن کے خلاف ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹیریٹ ماڈل ٹائون میں بھٹو لیگسی فائونڈیشن کے چیئرمین بشیر ریاض کے زیراہتمام خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی 32ویں سالگرہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب میں نظامت کے فرائض سینئر رہنما فیصل میر نے ادا کیے۔

اس موقع پر ایم این اے ثمینہ گھر کی ،ایم پی اے شازیہ عابد،فیصل میر،رانا جواد،عبدالقادر شاہین،نرگس خان،ڈاکٹر عائشہ شوکت،شاہدہ جبیں،فرخ مرغوب،بشری منظور مانیکا،ہمایوں سرور بودلہ، فائزہ ملک،سبط حسن،ذیشان شامی،آغا تقی،میاں عتیق الرحمن،خدیجہ حسن،فرحت یاسمین،نادیہ شاہ،ڈاکٹر وسیم سیال،ریاض جٹ سمیت درجنوں کارکن موجود تھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم احمد محمود نے کہا کہ خاتون اول کی سالگرہ میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے،پاکستان کی سیاست میں بھٹو خاندان کی خدمات کو نہیں بھلایا جاسکتا آصفہ بھٹو سادگی اور عاجزی کا پیکر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عزت دینا بڑے گھرانوں اور خون کی روایت اور خوبی ہے ،آصفہ بھٹو میں انکی والدہ بولتی ہیں،میری دعا ہے کہ اللہ تعالی انکے نصیب بہت اچھے کرے ۔مخدوم احمد محمود نے میڈیا سوالوں کے جواب میں کہا کہ گورنر اور صدر کے آفسز کی ڈیوٹی ہے کہ اسمبلی کے پاس کردہ بل پر دستخط کریں ،صدر زرداری نے پیکا ایکٹ پر دستخط کر کے اپنی ڈیوٹی انجام دی ہے ۔

چیئرمین بھٹو لیگسی فائونڈیشن بشیر ریاض نے کہا کہ آصفہ بھٹو کی سالگرہ میں شرکت کرنیوالوں کے شکر گزار ہیں،آصفہ بھٹو کو خاتون اول کا خطاب دینے پر صدر مملکت آصف علی زرداری کے شکر گزار ہیں،پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ خاتون اول آصفہ بھٹو بی بی شہید کے وژن کو لیکر بڑھ رہی ہیں،آصفہ بھٹو نہ صرف پاکستانی خواتین بلکہ چیئرمین بلاول بھٹو کی مضبوط سپورٹ ہیں۔