Live Updates

فیصلہ کریں رول آف لاء کے ساتھ کھڑا ہونا ہے یا نہیں، عمران خان کا چیف جسٹس کو پیغام

میں اپنے کیسز کا سامنا کروں گا اور ان ہی ججز کے سامنے کروں گا، کوئی ڈیل نہیں کروں گا؛ سابق وزیراعظم نے آرمی چیف کو ایک اور خط لکھنے کا بھی ارادہ ظاہر کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 10 فروری 2025 17:09

فیصلہ کریں رول آف لاء کے ساتھ کھڑا ہونا ہے یا نہیں، عمران خان کا چیف ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو پیغام بھیجا ہے کہ فیصلہ کریں رول آف لاء کے ساتھ کھڑا ہونا ہے یا نہیں۔ راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے کہتے ہیں آزادی کی جنگ ختم نہیں ہوئی جو لوگ اس جنگ میں شریک ہیں تاریخ ان کو یاد رکھے گی، عمران خان نے صوابی جلسے پر عوام کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے پنجاب اور سندھ کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا ہے، عمران خان نے کہا پنجاب حکومت نے ہمارے لوگوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے کہا ہے آپ فیصلہ کریں آپ نے رول آف لاء کے ساتھ کھڑا ہونا ہے یا نہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا میں اپنے کیسز کا سامنا کروں گا اور ان ہی ججز کے سامنے کروں گا، میں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، آرمی چیف کو خط ڈیل کیلئے نہیں بلکہ سمجھانے کیلئے لکھا تھا، آرمی چیف کو خط اس لیے لکھا کیوں کہ فوج اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف قوم اور فوج کو ایک ساتھ ہونا پڑے گا، اس کے لیے اگلے ہفتے وہ ایک اور خط لکھنے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح اڈیالہ جیل کے باہر بیرسٹر علی ظفر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ صوابی جلسے میں عوام کی بڑی تعداد کے بارے میں جان کر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خوش تھے کیوں کہ الیکشن کے بعد پہلی بار اتنے لوگ نکلے ہیں، ہم اپنا مینڈیٹ کبھی نہیں بھولیں گے اور رابطے ختم نہیں ہونے چاہئیں تھے۔ اس موقع بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں سنیارٹی کا مسئلہ زیر التوا ہے اور کمیشن کی میٹنگ میں فیصلہ ہونا تھا کہ کس سینئر جج کو سپریم کورٹ میں لایا جائے، تاہم پی ٹی آئی کی درخواست نہ مانی گئی جس کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات