ایک طرف مہنگائی بڑھ رہی ہے اور دوسری طرف امن وامان کی صورتحال بھی ابتر ہو رہی ہے

ایک ہفتے میں دہشتگردی کے دو واقعات کا ہونا سوالیہ نشان ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت صوبے پر توجہ دیں آپس کے سیاسی اختلافات سے عوام کو مشکلات درپیش ہیں، سابق امیرجماعت اسلامی سراج الحق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 5 مارچ 2025 19:10

ایک طرف مہنگائی بڑھ رہی ہے اور دوسری طرف امن وامان کی صورتحال بھی ابتر ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 05 مارچ 2025ء ) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے حوالے سے حکومتی رٹ ختم ہو چکی، ایک ہفتے کے دوران دہشت گردی کے دو واقعات رونما ہونا سوالیہ نشان ہے، صوبے کے عوام نے بڑی قربانیاں دیں، دھماکے میں معصوم بچوں سمیت 12 سے زائد افراد شہید ہوئے ہیں اس غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت صوبے پر توجہ دیں آپس کے سیاسی اختلافات کے باعث صوبے کے عوام کو سب سے زیادہ مشکلات درپیش آرہی ہیں، ایک طرف تو مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری طرف امن و امان کی صورتحال بھی ابتر ہو رہی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ بنوں کینٹ میں دھماکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال روز بروز ابتر ہو رہی ہے، لیکن صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت خوب غفلت میں سوئی ہوئی غلط پالیسیوں کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات میں بھی اضافہ ہوچکا ہے دونوں ممالک مل بیٹھ کر امن کے لیے قائم کرے جو دونوں ممالک کی مفادات کے لیے ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں نائب امیر جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی بڑھتی لہر وزیراعظم کے بیرونی دوروں کے اثرات کو غارت کر رہی ہے، اقتصادی عدم استحکام خوفناک شکل اختیار کر رہا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کسانوں کے وفد سے ملاقات کے بعد کہا کہ اکوڑہ خٹک کے بعد بنوں میں خودکش دہشت گردی دھماکے اور بے گناہ شہریوں کی شہادتیں پوری قوم کے لئے المیہ اور وفاقی صوبائی سکیورٹی اداروں کی ناکامی کھلا ثبوت ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی کی بڑھتی لہر وزیراعظم کے بیرونی دوروں کے اثرات کو غارت کر رہی ہے، اقتصادی عدم استحکام خوفناک شکل اختیار کر رہا ہے۔ پاک ایران پاک افغان تجارتی گزرگاہوں کی بندش پورے خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے۔ حکومتیں نفرتوں کا کاروبار بند کریں اور تینوں ملکوں کے شہریوں پر کاروبار کی بندشوں کو ختم کریں۔ وزیراعظم میاں شہبازشریف بیرونی دوروں کی بجائے ملک میں سیاسی استحکام اور دہشت گردی کے سدباب کے لئے اقدامات کریں۔

صرف اعلانات اور دہشت گردوں کو خوارج قرار دینے سے امن و امان نہیں ملے گا، دہشت گردوں، دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈ اور بیرونی دشمن قوتوں کے خلاف مضبوط اور قومی اتفاق رائے کا قومی ایکشن پلان ازسرنو ترتیب دیا جائے۔ سیاسی استحکام اور امن ہی ترقی کی کنجی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں زراعت اور کسانوں کو تباہی سے بچائیں۔ گندم کی خریداری سے ہاتھ روکنا ذخیرہ اندوزوں کی سرپرستی ہے۔

گندم، چاول، گنا، کپاس کے کاشتکار مہنگی اشیاء اور حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے برباد ہو گئے ہیں۔ ٹھیکہ پر زمین لینے والے ٹھیکہ ادا نہیں کر پا رہے اور زمین مالکان کنگال ہو رہے ہیں۔ یہ بڑا قومی جرم ہے کہ حکومت زراعت کے تحفظ کی بجائے گندم چینی کے امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کی محافظ بنی ہوئی ہے۔ لیاقت بلوچ نے جامع مسجد سید علی گیلانی میں نماز تراویح کے بعد نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان اہل ایمان کے لئے اللہ کا بڑا انعام ہے۔

رمضان کا بابرکت مہینہ مسلمانوں پر اللہ تعالیَ کو راضی کر رہے ہیں۔ روزہ داروں اور گھروں کے لئے مہنگائی، گیس کی بندش اور پریشر کی کمی سحر و افطار میں بڑی مشکلات کا باعث ہے۔ حکومتیں اپنا فرض ادا کریں اور تاجربرادری قلت پیدا کرنے، ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں کے مصنوعی اضافے کی ہوس میں مبتلا ہو کر اللہ کی ناراضی مول نہ لیں، امانت و دیانت کی تجارت میں اللہ کی بڑی برکات ہیں۔