Live Updates

حکومت نے آئی ایم ایف کو ٹیکس شارٹ فال پورا کرنے کیلئے منی بجٹ نہ آنے کی یقینی دہانی کرادی

ایف بی آر نے عالمی مالیاتی ادارے کے وفد کو 605 ارب روپے کا ٹیکس شارٹ فال پورا کرنے کے پلان سے آگاہ کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 6 مارچ 2025 12:31

حکومت نے آئی ایم ایف کو ٹیکس شارٹ فال پورا کرنے کیلئے منی بجٹ نہ آنے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مارچ 2025ء ) حکومت کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کو ٹیکس شارٹ فال پورا کرنے کیلئے منی بجٹ نہ آنے کی یقینی دہانی کرادی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قرض پروگرام کی اگلی قسط کے لیے آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کی ایف بی آر اور بی ایس آئی پی حکام سے ملاقات ہوئی، جس میں ایف بی آر نے 605 ارب روپے کا ٹیکس شارٹ فال پورا کرنے کے پلان سے آگاہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارے کے وفد کو یقینی دہانی کرادی گئی ہے کہ ٹیکس وصولی کا شارٹ فال پورا کرنے کے لیے کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا، شارٹ فال پورا کرنے کے لیے عدالتوں میں ٹیکس مقدمات جلد نمٹائے جائیں گے جس کے لیے حکومت نے عدالتوں میں زیرِ سماعت ٹیکس کیسز میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور اسی طرح چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے بھی ٹیکس کیسز کی جلد سماعت کرانے کی درخواست منظور کرلی گئی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور آئی ایم ایف جائزہ مشن کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کا پہلا سیشن مکمل ہوگیا، آئی ایم ایف سے کیبنٹ ڈویژن، وزارت خزانہ اور سیکرٹری کیبنٹ کے رائٹ سائزنگ پر مذاکرات ہوئے، جس میں آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ اخراجات میں کمی کیلئے رائٹ سائزنگ اقدامات پر بروقت عملدرآمد کیا جائے، آئی ایم ایف وفد کو بڑے شہروں میں ٹیکس نیٹ سے باہر بڑے ریٹیلرز پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ اسلام آباد، کراچی، لاہور میں ہائی رسک کیسز کی تفصیلات پر آئی ایم ایف نے ریکوری کی ہدایت کی، اسلام آباد، کراچی، لاہور میں ہائی رسک کیسز سے ریکوری کیلئے اقدامات پر وفد کو بریفنگ بھی دی گئی، آئی ایم ایف نے آئندہ سہ ماہی میں ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کیلئے پلان بھی طلب کیا اور کہا کہ ’ریونیو شارٹ پر کوئی گنجائش نہیں، آئندہ سہ ماہی میں 3 سو ارب کا شارٹ فال پورا کیا جائے، ایف بی آر کمپلائنس رسک مینجمنٹ اور رسک امپرومنٹ پلان کے تحت اقدامات کرے، اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں ہائی رسک کیسز سے ریکوری سے ریونیو شارٹ فال پورا کیا جائے‘۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات