کسی بھی ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کیلئے خواتین کو با اختیار بنانا ناگزیر ہے، سردار ایاز صادق

خواتین کی کھیل، تعلیم، صحت اور دیگر سیاسی، سماجی و اقتصادی شعبوں میں خدمات قابل ستائش ہیں، سپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 7 مارچ 2025 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کسی بھی ترقی پسند معاشرے کی تعمیر کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا ناگزیر ہے،ملکی ترقی کیلئے ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسلام خواتین کو مساوی حقوق اور عزت و احترام فراہم کرتا ہے اور ہر قسم کے صنفی امتیاز کی مخالفت کرتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ خواتین کے حقوق سے متعلق منفی رویوں کو تبدیل کیا جائے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کیا جائے تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے انہیں اقتصادی شعبوں میں آگے لانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کو ان کا جائز مقام دلانے، انہیں بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان میں خواتین کی نمایاں نمائندگی موجود ہے اور وہ قانون سازی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمان میں موجود وومنز پارلیمانی کاکس اور خصوصی کمیٹی برائے جینڈر مین اسٹریمنگ حقوق نسواں اور خواتین کی سیاسی و سماجی بہتری کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے ملک میں خواتین کی سیاسی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے خواتین کی تعلیم، صحت، روزگار اور بہتری کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے احسن اقدام کو قابل ستائش قرار دیا۔

اسپیکر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پارلیمان اور حکومت خواتین کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مزید مثر اقدامات کرے گی۔سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک پاکستان کے دوران خواتین کے گراں قدر کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کے قیام اور ترقی میں ان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے بالخصوص محترمہ فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان، بیگم جہاں آرا شاہنواز اور بیگم شائستہ اکرام اللہ کی مثالی قیادت اور بے لوث قربانیوں کا ذکر کیا، جنہوں نے جدوجہد آزادی کی راہ ہموار کی اور تاریخ میں اپنا نمایاں مقام بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کے بعد بھی خواتین نے جمہوریت کے استحکام اور قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ پاکستان کی نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کیے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ موجودہ پارلیمان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان کا آئین خواتین کو جان و مال کا تحفظ، روزگار، کاروبار، تعلیم، آزادی سے پیشہ اختیار کرنے، اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے شہید بینظیر بھٹو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں، جنہوں نے اپنے والد قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد پارٹی کو منظم کیا اور اپنی شہادت تک ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کا بطور وزیر اعظم اور محترمہ مریم نواز شریف کا بطور وزیر اعلی پنجاب انتخاب پاکستانی معاشرے کی اعتدال پسندی، روشن خیالی اور ترقی پسند رجحان کا مظہر ہے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ پارلیمان خواتین کی فلاح و بہبود اور قومی دھارے میں ان کی شمولیت کو مزید فروغ دینے کے لیے موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔