Live Updates

بلاول بھٹو زرداری کو اپنے والد سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلاول کو جو ملنا ہے وہ ہمارے پاس سے ملے گا، پیرصدرالدین شاہ راشدی

لال مالہی قومی اسمبلی کے حلقہ213کے ضمنی الیکشن میںسندھ بچائو تحریک ،پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہونگے، پریس کانفرنس

اتوار 16 مارچ 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2025ء)جی ڈی اے کے چیف کوآرڈی نیٹرسید صدرالدین شاہ راشدی نے بلاول بھٹو زرداری کو چھ نئی کینالز کے خلاف جاری تحریک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو اپنے والد سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلاول کو جو ملنا ہے وہ ہمارے پاس سے ملے گا، دریائے سندھ بچائو تحریک ، پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 عمر کوٹ کے ضمنی الیکشن کے لیے اپنے مشترکہ امیدوار کا اعلان کردیا، لال مالہی ان جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہونگے، وہ اتوار کے روز فنکشنل ہائوس کلفٹن میں اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پر پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ، غلام مرتضی جتوئی، سردار عبدالرحیم، لال مالہی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ ملک میں ماحول اتنا سنگین اور بے یقینی کی صورتحال ہے کہ سندھ ایک طرف اور کھوٹے سکے ایک طرف ہیں سندھ کے عوام کھوٹے سکوں کو کہیں قبول نہیں کریں گے کھوٹے سکوں کو انکی اصل جگہ بھیجا جائیگا انہوں نے کہا کہ مرتضی جتوئی رہا ہوکر آگئے ہیں یہ باعزت رہا ہوئے ہیں عوام میں انکی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا ہے انہوں نے بنا کسی قصور کے جیل کاٹی ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ہم منزل ضرور حاصل کریں گے ۔

صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ سندھ کا پانی فروخت کرنے والوں نے " پاکستان کھپے " کا ایک نعرہ لگایا تھا جس کا مقصد پاکستان کو نیلام کرنا تھا عوام جانتے ہیں وہ پاکستان کو بیچنے نکلے ہیں اور ہم پاکستان بچانے نکلے ہیں ایک سوال کے جواب میں سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری دریائے سندھ پر چھ نئی کینالز کے خلاف ہماری جاری تحریک میں شامل ہو جائیںکیونکہ انکے والد نے تو سندھ کے پانی کا سودا کردیا ہے بلاول کو اپنے والد سے کچھ نہیں ملے گا انہیں جو ملنا ہے وہ ہمارے پاس سے ملے گا میرے والد مرحوم نے بھی بلاول کے لیے کہا تھا کہ ایک دن یہ ہمارا حصہ ہوگا کیونکہ جو بلاول کے والد کے کرتوت ہیں اس لحاظ سے بلاول جلد ہمارے ساتھ ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیے بغیر بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا مزاکرات کرکے مسائل کو حل کریں ریاست کو چلانا ہے تو بیٹھ کر مسائل حل کریں، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ بلوچستان کے مسئلے پر کیوں مزاکرات نہیں کیے جارہے، جو سونا مانگ رہا ہے اس پر ڈنڈے برسائے جارہے ہیں جو وسائل کی بات کررہا ہے اسے پر بھی ڈنڈے برسائے جارہے ہیں، آپ کے تھنک ٹینک تھک چکے ہیں اب تھنک ٹینک کی جگہ خالی ٹنکیوں نے لے لی ہے ان خالی ٹنکیوں کو تبدیل کرنا پڑیگا، یہ صرف تاجر ہیں انہیں اپنی تجارت کے علاوہ کسی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور جب ملک تاجروں کے ہاتھ میں دو گے تو نقصان تو ہوگا یہ ملک کو نچوڑ کر کھا رہے ہیں یہ جان لیں کفن میں جیب نہیں ہوتی سب یہیں رہ جائیگا۔

سید صدرالدین شاہ راشدی نے مزید کہا کہ ہم ہر اس جماعت کے ساتھ ہیں جو پاکستان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت گراوٹ کا شکار ہے ، کالا باغ ڈیم سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنی حکومت میں کال باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے بجٹ میں رقم مختص کی، انہوں نے کل بھی سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالا اور آج بھی ہمارے پانی کا سودا کررہے ہیں۔

جی ڈی اے رہنما غلام مرتضی جتوئی کا کہنا تھا کہ مجھ پر بکری چوری، پولیس مقابلہ کروانے جیسے جھوٹے الزامات لگا کر مقدمات قائم کیے گیے مجھ پر الزام لگایا گیا کہ 12 جتوئی خاندان کے لوگ اور ڈھائی سو پولیس والے تھے جن کے درمیان مقابلہ کروایا اور حیرت انگیز طور پر اس مقابلے میں کچھ نہیں ہوا، کوئی زخمی نہیں ہوا میں جب وفاقی وزیر تھا اس وقت ہماری زمینوں پر قبضے کیے گیے، حملے کروائے گیے ہم نے اپنی زمینیں بعد میں واگزار کروائی زمینوں کے معاملہ پرانے چل رہے ہیں، پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ چھ نئی کینالز پر تحریک انصاف کا موقف سب کو معلوم ہے ڈاکٹر عارف علوی نے بحیثیت صدر دستخط نہیں کیے تھے ہم سندھ اور دریاے سندھ کو بچانے نکلے ہیں پیپلزپارٹی قابض رہی تو نہ ہمارے اسپتال نہ دریا نہ اسکول بچیں گے ایک طرف کینالز کا سودا کرنے والے تو دوسری طرف سندھ کے حلالی بیٹے کھڑے ہیں، جی ڈی اے کے سردارعبدالرحیم نے کہا کہ لال مالہی مور کوٹ سے منتخب ہونے کے بعد دریائے سندھ پر چھ نئی کینالز کے خلاف قرارداد قومی اسمبلی لائیں گے، مشترکہ امیدوار لال مالہی نے کہا کہ میں دریائے سندھ بچا تحریک کا شکر گزار ہوں کہ مجھے مشترکہ امیدوار مقرر کیا اس حلقے سے مخدوم شاہ محمود قریشی پیر صاحب پگارا کی حمایت سے الیکشن میں حصہ لیتے تھے لیکن اب وہ پابند سلاسل ہیں اسی لیے یہ زمہ داری مجھے سونپی گئی ہے انہوں نے کہا کہ اس حکومت کا نظریہ میڈیا اور عدلیہ پر قدغن لگانا ہے ایک نظریہ عمران خان کا ہے اور ایک نظریہ انکا ہے جسے عوام نے مسترد کردیا ہے ہم اپنے حق کے لیے لڑیں گے جس طرح عوام اپنے دریا کی حفاظت کررہے ہیں اسی طرح عوام ضمنی الیکشن میں اپنے ووٹ کا تحفظ کریں گے۔

اس موقع پر ڈاکٹر صفدر عباسی، بیرسٹر حسنین مرزا، منیر حیدر شاہ، ارباب ابراہیم، مظہر راہوجو، فقیر غلام نبی منگریو، خضر حیات منگریو، انجینئر وادو مل سمیت دیگر شریک تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات