حکومت نے فیصلہ کرلیا ، اندرون و بیرون ملک دہشتگردوں کا پیچھا کر کے عزائم کو ناکام بنایا جائیگا ، حنیف عباسی

بدھ 26 مارچ 2025 18:18

حکومت نے فیصلہ کرلیا ، اندرون و بیرون ملک دہشتگردوں کا پیچھا کر کے عزائم ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ملک کے اندر اور بیرن ملک دہشتگردوں کا پیچھا کر کے عزائم کو ناکام بنایا جائیگا ، بلوچستان کے لئے ریلوے آپریشن آج (جمعرات) سے شروع ہوگا، کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس جمعہ کو پشاور کے لئے روانہ ہوگی، 29مارچ کو عید اسپیشل ٹرین بھی کوئٹہ سے روانہ ہوگی، کوئٹہ سے چلنے والی 3ٹینوں کی تعداد کو 9کیا جائے گا، ریلوے کے اسکولوں، ہسپتالوں کو بہتر بنائیں گے ، آمدن میں اضافے کے لئے فیریٹ ٹرینوں پر توجہ دیں گے، ریلوے جون 2027تک 200سے زائد نئی بوگیاں شامل کر یگی ، یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں ڈویژنل سپرٹینڈنٹ ریلوے کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر چیئر مین ریلوے سید مظہر علی شاہ، سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ،آئی جی ریلوے پولیس محمد طاہر رائے، ڈویژنل سپرٹینڈنٹ ریلوے کوئٹہ عمر ان حیات ، محمد کاشف سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ملک دشمن عناصر مقامی سہولت کاروں کے ساتھ ملکر منظم منصوبہ بندی کے تحت سازش کر رہے ہیں دشمنوں کو معلوم ہے کہ وہ پاکستان جیسی ایٹمی طاقت سے رسمی جنگ نہیں لڑ سکتے اور اب وہ لسانیت، صوبائیت، قومیت اور مذہب کے نام پر یہاں دہشتگردی پھیلا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ دہشتگردوں کا خاتمہ کرنے کے لئے انکا پیچھا کیا جائیگا اور جو لوگ ملک سے باہر فرار ہوگئے ہیں انکا وہاں پیچھا کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ چند لوگ جو اغیار کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں معصوم لوگوں کا قتل عام کرتے ہیں ہم انکے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ملک کو جوڑتا ہے یہ قومی یکجہتی ، سرحدوں کو ملانے کا نظام ہے جعفر ایکسپریس پر حملے کے دو دن بعد ٹریک کی مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا تھا تاہم اب سیکورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد آج (جمعرات ) کو جعفر ایکسپریس پشاور سے کوئٹہ کے لئے روانہ ہوگی جبکہ جمعہ کو کوئٹہ سے پشاور کے لئے جعفر ایکسپر یس روانہ کی جائیگی 29مار چ کو ملک بھر سے 5جبکہ کوئٹہ سے ایک عید اسپیشل ٹرین بھی روانہ کی جائیگی ساتھ ہی عید کے تینوں دن ٹرینوں کی اکانومی کلاس کے ٹکٹ پر بھی رعایت دی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ بولان میل اب ہفتے میں دو دن کے بجائے سات دن چلے گی ، بلوچستان سے 2003سے 2005کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کی تعداد 9تھی ایک بار پھر اس سطح کو 9پر لیکر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے پولیس میں 500اہلکار بھرتی کر نے جارہے ہیں جن میں سے 70فیصد بلوچستان میں تعینات کئے جائیں گے بلوچستان سے چلنے والی ٹینوں کو فول پروف سیکورٹی دیں گے جبکہ آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے اسٹیشنوں کی حالت ،سیکورٹی انتظامات سمیت ملکی سطح پر ریلوے کے 8ہسپتالوں میں جدید سہولیات کی فراہمی،ریلوے اسکولوں میں جدید تعلیم کے نظام کے منصوبے شامل کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی قیتمی زمینوں کر محکمہ اور نجی شعبہ ملکر مشترکہ اقدامات کر کے انہیں قابل استعمال لائیں گے ایم ایل 1اور ایم ایل 2پر بھی 5ماہ میں حتمی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی جائیں گی ۔حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے ملک کے کارگوکا صرف 4فیصد اٹھا رہی ہے ہم اس سطح کو بڑھانے کے لئے بھی اقدامات کریں گے تاکہ محکمے کی آمدن میں اضافہ ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے اثاثہ ہے اور اسے فروخت کسی صورت نہیں کیا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریلوے کے تمام ملازمین کو تنخواہیں ادا کردی گئی ہیں جبکہ جعفر ایکسپر یس ٹرین واقعہ میں شہید ہونیوالے ریلوے اہلکار کو بھی 52لاکھ روپے ادا کر دئیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت ملک کے کسی بھی اسٹیشن پر اسکینر موجود نہیں اور جہاں ہیں وہ خراب پڑے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریلوے کا کوئی شخص دہشتگردی کے واقعات میں سہولت کار نہیں تھا ،جعفر ایکسرپس ٹرین پر حملہ کرنے والے انتہائی تربیت یافتہ اور بیرون ملک سیٹلائٹ کے ذریعے رابطوں میں تھے دشمن ہم سے اعلانیہ طور پر لڑنے کو تیار نہیں ہے اس لئے وہ ایسے واقعات کرواتے ہیں ۔کوئٹہ سے سفر کرنے والے مسافروں کے اعتماد کی بحالی کے سوال کے وزیر ریلوے نے کہا کہ مجھ سمیت تمام لوگ ریل میں سفر کرنے کو تیار ہیں تاہم میری مصروفیات ہیں جن کی وجہ سے میں واپس جارہا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں لوگوں کی جانوں کا تحفظ کیا فورسز کے 12ہزار شہدء اور 20ہزار زخمیوں پر تنقید کرنے والوں سے کہتاہوں کہ میں انہیں جہاں کہیں پلاٹ دینے کو تیار ہوں لیکن وہ اپنی جانیں قربان کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے بات چیت نہیں ہوسکتی وہ لو گ جو فیڈریشن کو مانتے ہیں ان سے مذاکرات اور بات چیت کریں گے لیکن جو فیڈریشن کو نہیں مانتا ہم بھی اسے نہیں مانتے ۔حنیف عباسی نے کہا کہ 160سے 180کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی بوگیوں کو ریلوے میں شامل کرنے کا کام جاری ہے فی الحال 43بوگیاں شامل کی جارہی ہیں جبکہ 186بوگیاں 2027کے جون تک شامل کر لی جائیں گی ۔