سندھ رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ، ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ کی خریدو فروخت اور منشیات فروشی میں ملوث تین ملزمان گرفتار

جمعہ 28 مارچ 2025 18:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2025ء) پاکستان رینجرز (سندھ) اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرمشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقہ لیاری سے اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ کی خریدو فروخت اور منشیات فروشی میں ملوث تین ملزمان حضرت نور عرف ارباز خان، محمد یسین اور اسامہ کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن اور منشیات بھی برآمد کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ کی خریدو فروخت اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔ ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے۔ گرفتار ملزم حضرت نور عرف ارباز خان 2011 میں افغانستان سے کراچی لیاری کے علاقے بہار کالونی میں شفٹ ہوا۔

(جاری ہے)

ملزم پشاور سے منشیات اور غیر قانونی اسلحہ لا کر کراچی میں مختلف ڈکیت گروہوں اور جرائم پیشہ افراد کو فروخت کرنے میں ملوث ہے۔

گرفتار ملزمان محمد یسین اور اسامہ کراچی کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی، اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان غیر قانونی اسلحہ ملزم حضرت نور عرف ارباز خان سے خرید کر جرائم پیشہ افراد کو بیچنے میں ملوث ہیں۔ ملزمان اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو بمعہ برآمد شدہ اسلحہ و ایمونیشن اور منشیات مزید قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔