صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز، نوابشاہ سے کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل

آصف زرداری کو انفیکشن اور بخار کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر عاصم کی نگرانی میں ان کے میڈیکل ٹیسٹ کئے گئے ،آصف علی زرداری کو گذشتہ روزبخاراورانفیکشن کی شکایت ہوئی تھی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 2 اپریل 2025 10:14

صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز، نوابشاہ سے کراچی کے نجی ہسپتال ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02اپریل 2025)صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز، نوابشاہ سے کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا،ہسپتال ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری کو انفیکشن اور بخار کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے اور صدر مملکت کے میڈیکل ٹیسٹ کئے گئے ہیں،آصف علی زرداری کو گذشتہ روزبخاراورانفیکشن کی شکایت ہوئی تھی۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ صدر مملکت کے میڈیکل ٹیسٹ کئے گئے ہیں، ڈاکٹر عاصم حسین کی زیر نگرانی میڈیکل ٹیم صدر مملکت کا علاج کررہی ہے، ہسپتال میں کراچی سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما و عہدے دار موجود ہیں۔ آصف علی زرداری جس وارڈ میں داخل ہیں اس فلور پر غیر متعلقہ افراد کو جانے کی اجازت نہیں ہے ۔دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے صدرمملکت آصف زرداری سے ان کی خیریت دریافت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، اللہ آپ کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے معالج ڈاکٹر عاصم کو فون کیا، انہوں نے آصف زرداری کی خیریت معلوم کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید الفطر کی نماز، زرداری ہاو¿س نواب شاہ میں ادا کی تھی۔

صدر مملکت نے ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے دعا بھی کی تھی۔زرداری ہاو¿س نواب شاہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے صدر مملکت کے ساتھ نماز عید الفطر ادا کی تھی۔نماز عید الفطر میں سیاسی، سماجی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان نے بھی شرکت کی تھی۔عید کی نماز ادا کرنے کے بعد صدر مملکت لوگوں سے ملے اور عید کی مبارک باد دی تھی۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، صوبائی وزیر علی حسن زرداری ، ضیاءالحسن لنجار اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بعدازاںصدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ورکرز اور پارٹی قیادت سے بلاول ہاوس نوابشاہ میں ملاقات کی تھی جس میں ممبر سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں۔پارٹی رہنماﺅںسے ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ ملاقات میں صوبے میں عوامی فلاحی منصوبوں اور درپیش مسائل پر بھی گفتگو بھی کی گئی تھی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومت کو عوام کو درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی تھی۔