سول سوسائٹی کی تنظیموں کاپشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ،بلوچستان لبریشن آرمی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

جمعرات 3 اپریل 2025 17:36

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) پاکستان زندہ باد موومنٹ خیبر پختونخوا اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے جمعرات کے روز پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بلوچستان لبریشن آرمی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بی ایل اے کے خلاف مختلف نعرے درج تھے۔

انہوں نے اس دہشت گرد تنظیم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جو بلوچستان میں معصوم لوگوں کے قتل میں ملوث ہے۔سول سوسائٹی کے رکن ملک اشتیاق اعوان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی ایل اے ایک دہشت گرد تنظیم ہے جس کے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ساتھ قریبی روابط ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی ایل اے معصوم پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ہے اور سی پیک اور پاکستان کی ترقی کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی ایل اے بلوچستان میں دہشت گردی کے ذریعے افراتفری، خوف اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے بی ایل اے کے سہولت کاروں اور حامیوں کے خلاف سخت کارروائی، ان کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا مطالبہ کیا۔ایک اور سول سوسائٹی کے رکن ملک اقبال احمد نے کہا کہ بی ایل اے بم دھماکوں اور خودکش حملوں سمیت دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے اور بلوچستان میں معصوم لوگوں کا قتل عام کر رہا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بی ایل اے ’’را ‘‘کے ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے بلوچستان میں سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے لیے تخریبی کارروائیاں کر رہا ہے۔انہوں نے بی ایل اے کے تمام حامیوں، سہولت کاروں اور ان کے اہل خانہ کو پاکستان سے بے دخل کرنے اور ان کے ساتھیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے پاکستان آرمی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

مقررین نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے بہادر سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تقریباً 25 کروڑ عوام کا ایک مضبوط ملک، ایک پیشہ ور فوج اور ایٹمی طاقت رکھتا ہے اور کوئی بھی اس کی ترقی اور پیشرفت کو نہیں روک سکتا۔بعد ازاں مظاہرین نے بھارتی فاشسٹ وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا نذر آتش کیا۔