بجلی قیمتوں میں کمی، امیر مقام کا نواز شریف، شہباز شریف کو خراج تحسین

ایک سال میں شہباز شریف نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ،سٹاک ایکسچینج کے شیئرزمیں 1800 پوائنٹ کا تاریخی اضافہ وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں پر کاروباری برادری کے اعتماد کا ایک اور ثبوت ہے، بیان

جمعہ 4 اپریل 2025 17:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء)وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے بجلی قیمتوں میں کمی پر لیگی صدر نواز شریف اور وزیراعظم کو خراج تحسین جبکہ عوام کو مبارکباد کرتے ہوئے کہاہے کہ ایک سال میں شہباز شریف نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے ۔

(جاری ہے)

جاری بیان میں امیر مقام نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج کے شیئرزمیں 1800 پوائنٹ کا تاریخی اضافہ وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں پر کاروباری برادری کے اعتماد کا ایک اور ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی ائی نے چار سال ملک میں جو تباہی کی، اس کے منفی اثرات سے رفتہ رفتہ ملک و قوم کو نجات مل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر ثابت کیا کہ ملک و قوم کو ریلیف صرف مسلم لیگ (ن)ہی دے سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ چار سال میں پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی، اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل درآمد سے عوام کو مزید ریلیف دیں گے۔