جے یو آئی کا سکھر بیراج پر (سندھو بچائو ، سندھ بچائو ) مہم کے سلسلے میں احتجاجی دھرنا، سندھ کے حقوق کیلئے نعرے بازی

اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کے غلط فیصلوں نے ملک کو کمزور کر دیا ہے، سندھ کے حقوق کیلئے ہر محاذپر جنگ لڑنے کیلئے تیار ہیں ، علامہ راشد محمود سومرو

اتوار 6 اپریل 2025 19:00

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2025ء)جے یو آئی کا سکھر بیراج پر (سندھو بچائو ، سندھ بچائو ) مہم کے سلسلے میں احتجاجی دھرنا، سندھ کے حقوق کیلئے نعریبازی ، اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کے غلط فیصلوں نے ملک کو کمزور کر دیا ہے، سندھ کے حقوق کیلئے ہر محاذپر جنگ لڑنے کیلئے تیار ہیں ، علامہ راشد محمود سومرو سمیت دیگر کا دھرنے سے خطاب ، تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام سکھر اور شکارپور کے زیر اہتمام سکھر بیراج پر سندھو بچائو ، سندھ بچائو مہم کے سلسلے میں احتجاجی دھرنا دیا گیا اور شرکاء کی جانب سے سندھ کے حقوق کیلئے نعریباز ی کی گئی ، احتجاجی دھرنے کی قیادت جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے امیر مولانا سائیں عبدالقیوم ہالیجوی و سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کررہے تھے جبکہ دیگر قیادت میں مولانا محمد صالح انڈھڑ ،مفتی سعود افضل ہالیجوی،حافظ عبدالحمید مھر،ڈاکٹر عبدالغنی انصاری،سائیں غلام اللہ ہالیجوی ،حافظ غلام مصطفی برڑو،قاری لیاقت علی مغل ،مولانا امان اللہ سکھروی،حافظ ابو اسامہ عباسی،مولانا عبد الکریم عباسی،قاری عبدالغفار سومرو،مولانا علی اکبر عباسی،مولانا اسداللہ بھیو،مولانا عبد الکریم جونیجو،مولانا اسامہ محمود ہالیجوی،مولانا سیف اللہ سمائر،قاری نصراللہ سکھروی، شکارپور سے مولانا سید سراج احمد شاہ امروٹی، مولانا عبداللہ مہر، مولانا محمد طیب میکہو، امیر علی خان جتوئی، آغا تیمور خان پٹھان، حافظ رفیق احمد شر، مولانا تاج محمد مہر، مولانا غلام اللہ مہر سمیت کارکنان و عہدے داروں و علماء کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، سکھر بیراج پر "سندھو بچاؤ، سندھ بچاؤ" مہم کے شرکاء سے خطابات کے دوران جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو و دیگر علماء کرام و رہنمائوں کا کہنا تھا کہ جب صوبوں کو کمزور کیا جائے گا تو وفاق کس طرح مضبوط ہوسکتا ہی. 1991ء کے معاہدے کے تحت سندھ کو جو پانی ملنا چاہیے، اس کا بھی 55 فیصد کم دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تو پھر چولستان کینال کے لیے پانی کہاں سے لائیں گی. یہ جھوٹے لوگ سندھ کا پانی چرانا چاہتے ہیں۔ چولستان کی آبادکاری ارب پتیوں اور امیروں کا کام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میرے بھائی بلاول بھٹو زرداری جب وفاق کے خلاف بات کرتے ہیں تو بار بار ایک ہی بات دہراتے ہیں کہ "پاکستان چاہیی"۔ میرے بھائی، سندھ کے 99 فیصد قوم پرست بھی پاکستان کے خلاف نہیں ہیں۔

پیر صاحب پاگارو اور جمعیت علماء اسلام بھی پاکستان کے خلاف نہیں ہیں۔ ہم تو اس آئین اور ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس ملک کی جنگ لڑتے ہوئے میرے قائد مولانا فضل الرحمن، مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم خان درانی پر حملے ہوئے۔ ہمارے علماء مفتی نظام الدین شامزئی، مفتی جمیل اور علامہ خالد محمود سومرو اس ملک کی جنگ لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ ہماری جماعت نے ایک وقت میں 90 جنازے اس ملک کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزا میں اٹھائے۔

پاکستان کی عوام پاکستان کو کمزور نہیں کرنا چاہتی۔ جمعیت علماء اسلام پاکستان کو کمزور کرنا نہیں چاہتی، لیکن اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کے غلط فیصلوں نے ملک کو کمزور کر دیا ہے۔ آج خیبرپختونخواہ آپ سے نالاں ہے، بلوچستان آپ سے بغاوت پر آمادہ ہے، سندھ سراپا احتجاج ہے۔علامہ راشد محمود سومرو نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطت کرتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب! اگر آپ کو "پاکستان چاہیی" کا نعرہ لگانا ہے تو بلوچستان جا کر لگائیں، خیبرپختونخواہ جا کر لگائیں۔

بلاول صاحب! احتجاج کرنا اپوزیشن کا کام ہوتا ہے آپ تو حکومت میں ہیں، آپ احتجاج نہ کریں بلکہ فیصلے کریں۔ آپ کے پاس صدارتی ہاؤس ہے۔ اگر آپ سے فیصلے نہیں ہوتے تو حکومت سے الگ ہوکر سندھ کی عوام کے ساتھ بیٹھ جائیں، آپ کی گردن میں پھولوں کا پہلا ہار راشد محمود سومرو ڈالے گا۔اس موقع پر جے یو آئی سندھ کے امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، مولانا محمد صالح انڈھڑ،مفتی سعود افضل ہالیجوی، ڈاکٹر اے جی انصاری، مولانا عبداللہ مہر، حافظ عبدالحمید مہر، سید ولی اللہ شاہ امروٹی، مولانا محمد طیب میکو، آغا تیمور پٹھان اور دیگر نے تقاریر میں کہا کہ عالمی شرعی اور تاریخی فیصلوں کے تحت دریاؤں پر پہلا حق آخر والوں کا ہے،سندہو دریا کا آخر سندہ ہے، اس لیے پنجاب سندھ پر کوئی کینال، ڈیم یا بند نہیں بنا سکتا۔

اور یہ بھی کہا کہ سندھیوں کو بغاوت کی طرف نہ دھکیلا جائے۔دھرنے کے سبب 10 کلومیٹر تک کا راستہ بلاک رہا۔