جماعت اسلامی نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر مارچ کااعلان کردیا

اتوار 6 اپریل 2025 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) جماعت اسلامی نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر مارچ کااعلان کردیا،۔11 اپریل کو لاہور، 13 کو کراچی اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں مظاہرے ہونگے۔ اتوار کے روز منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عالم اسلام میں ماہ رمضان کے بعد عید منائی لیکن دوسری طرف فلسطین میں عید الفطر کے موقع پر بچوں پر اسرائیل نے بمباری کی۔

فلسطینی بچے جو میدان میں کھیل رہے تھے ان پر بم برسائے گئے۔ حافظ نعیم الرحمان۔نے کہا کہ پوری دنیا میں فلسطین کے معاملہ پر خاموشی ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں جو جمہوریت و انسانیت کی بات کرتی ہیں غزہ پر ظلم و ستم پر لب کشائی نہیں کررہیں۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فلسطین میں شاید کوئی بلڈنگ باقی سلامت بچی ہو اس سے دنیا کی بے حسی کا پتہ چلتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل نے سارے ہسپتالوں کو تہس نہس کردیا ہے،بات غزہ تک نہیں ویسٹ بینک کے بھی اسی ہزار گھروں کو تباہ کردیا گیا ہے جبکہ ہزاروں لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے اور مسلمانوں کی نسل کشی کہ جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے پارلیمنٹرین کا وفد ترکی، ایران، ملائیشیا، سعودی عرب اور مصر سمیت مسلم ممالک سے بات کرے کہ اسرائیلی گھیرائو کو توڑا جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئندہ چند ماہ میں اقوام متحدہ کے نام فلسطینوں پر اسرائیلی دہشت گردی اور بربریت پر خط لکھیں گے اور دنیا کا ضمیر جگانے کی کوشش کریں گے،۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ پر صہیونی سفاکیت کے خلاف ملک گیر سطح پر عوامی موبلائزیشن کا آغاز کررہے ہیں،چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اورکارنر میٹنگزہوں گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 11اپریل کو پورے پاکستان، خصوصی طور پر لاہور میں احتجاج اور مارچ ہوگا، 13اپریل کو کراچی میں شاہراہ فیصل پر تاریخی مارچ ہوگا،20 اپریل کو اسلام آباد میں مارچ کیا جائے گا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام احتجاجی مظاہروں اور مارچز میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔اس موقع پر لیاقت بلوچ، قیصر شریف، جاوید قصوری، اظہر اقبال اسد، ضیا الدین انصاری بھی موجود تھے ۔