ہمارے واش رومز اور بیڈ رومز سے نکلو، اپنا کام کرو تو پاکستان بدل جائے گا، جنید اکبر خان

ہم بات کرتے ہیں تو ایف آئی آر ہو جاتی ہے، آپ ہمارے باپ دادا نہیں ہیں میں تنقید کروں گا کیوں کہ میں مضبوط ادارے چاہتا ہوں اور یہ ادارے اپنا کام کریں؛ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی منگل 8 اپریل 2025 11:10

ہمارے واش رومز اور بیڈ رومز سے نکلو، اپنا کام کرو تو پاکستان بدل جائے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخواہ کے صدر اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر خان کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنا پیٹ کاٹ کر سکیورٹی اداروں پر لگاتے ہیں، ادارے ہماری حفاظت کی بجائے کسی اور کام میں پڑ گئے ہیں، ان کا کام حکومتیں بنانا اور گرانا نہیں ہے، ان کا کام زراعت، اسٹاک ایکسچینج اور دیگر کام نہیں ہیں، دہشت گرد افغانستان سے پاکستان ہی کیوں آتے ہیں؟ کہیں اور کیوں نہیں جاتے؟ کیا ہم سکیورٹی اداروں پر اربوں کھربوں روپے نہیں لگاتے؟ اگر ہم پارلیمان میں یہ بات نہیں کرسکتے تو کہاں کریں گے؟ آپ ہمارے باپ دادا نہیں ہیں میں تنقید کروں گا کیوں کہ میں مضبوط ادارے چاہتا ہوں لیکن ادارے اپنا کام کریں، ہم بات کرتے ہیں تو ایف آئی آر ہو جاتی ہے، ہمارے واش رومز اور بیڈ رومز سے نکلو اپنا کام کرو، اپنا کام کرو پاکستان بدل جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکر ایاز صادق نے جنید اکبر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے بڑی اچھی باتیں کیں، کاش آپ نیشنل سکیورٹی میٹنگ میں شرکت کرتے، آپ کو اس میٹنگ آنا چاہیئے تھا، وہ میٹنگ حکومت اور اپوزیشن کی نہیں تھی، قومی سلامتی کمیٹی میں آپ امن و امان کے حوالے سے بات کر سکتے تھے، وہ حکومت یا اپوزیشن کی نہیں نیشنل سکیورٹی میٹنگ تھی، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں حالات پر بریفنگ تھی آپ کو سننا چاہیے تھا، ساری جماعتوں کو پاکستان کی خاطر اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیئے تھا‘۔

اس دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ اور اسمبلی سٹاف سے گلہ ہے، میں نے سوالات جمع کیے لیکن ابھی وقفہ سوالات پر نہیں آئے، کیا مجھے بلیک لسٹ کردیا گیا ہے؟ میں نے فورسز کو ملنے والی گاڑیوں اور پلاٹس کے حوالے سے سوال کیا تھا‘، جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ’آپ کو کل تک تفصیلی جواب مل جائے گا‘۔