Live Updates

عمران خان نے اعظم سواتی کو سٹیبلشمنٹ سے بات چیت شروع کرنے کی ہدایات دینے کی تصدیق کر دی، انصار عباسی کا دعویٰ

عمران خان نے جیل میں ملاقات کیلئے آنے والوں کو بتایا کہ انہوں نے کبھی سٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت کا دروازہ بند نہیں کیا، رابطے کی یہ کوشش صرف اور صرف پاکستان کی خاطر تھی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 9 اپریل 2025 13:24

عمران خان نے اعظم سواتی کو سٹیبلشمنٹ سے بات چیت شروع کرنے کی ہدایات ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09اپریل 2025)سینئر صحافی انصارعباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی رہنماءاعظم سواتی کو ملٹری سٹیبلشمنٹ سے بات چیت شرو ع کرنے کی ہدایات دینے کی تصدیق کر دی، عمران خان نے جیل میں ملاقات کیلئے آنے والوں کو بتایا کہ انہوں نے کبھی سٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت کا دروازہ بند نہیں کیا،گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں پارٹی رہنماﺅں و وکلاءجن میں بیرسٹر گوہر علی، سینیٹر علی ظفر ، ظہیر عباس، مبشر اعوان اور علی عمران شامل تھے ان سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ رابطے کی یہ کوشش ان کے قانونی مقدمات سے متعلق نہیں بلکہ یہ صرف اور صرف پاکستان کی خاطر تھیں۔

انصار عباسی کے مطابق باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران سینیٹر علی ظفر نے اعظم سواتی کے حالیہ ویڈیو بیان پر عمران خان سے جواب طلب کیاتھا۔

(جاری ہے)

جس کے جواب میںبانی پی ٹی آئی عمران خان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سٹیبلشمنٹ سے بات چیت کا اقدام ذاتی مفادات یا قانونی نرمی حاصل کرنے کے بارے میں نہیںتھا۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ پاکستان، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کے مینڈیٹ کے احترام کے بارے میں ہے۔

میں عدالت میں اپنی قانونی لڑائی لڑنے کیلئے پرعزم ہوں اور کسی بیک ڈور ریلیف کی خواہش نہیں۔ عمران خان نے پارٹی رہنماﺅں اور وکلاء سے گفتگو کے دوران ایک بار پھر زور دیا کہ اگرچہ انہوں نے حکومت کے ساتھ بات چیت کو مسترد کر دیا ہے لیکن وہ فوجی سٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں۔عمران خان نے ملاقات کیلئے آنے والوں کو بتایا کہ انہوں نے کبھی بھی سٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت کا دروازہ بند نہیں کیا تاہم انہوں نے یہ واضح کیا کہ ان کی پارٹی نے موجودہ حکومت کے ساتھ بات چیت ختم کر دی ہے کیونکہ اس کے پاس اصل اختیارات نہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاعظم سواتی نے قرآن پاک پر حلف لیتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ 2022ء میں عمران خان نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بات کرنے کا کہا تھا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا آپ جائیں اور فوجی قیادت سے بات کریں۔ آرمی چیف سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن دروازے نہ کھلے،اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد جنرل عاصم منیر کے استاد کے ذریعے رابطے کی کوشش کی گئی تھی۔

عمران خان نے کہا آرمی چیف کے پاس جاو اور گفتگو کے دروازے کھولو۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ دسمبر 2022 میں نئے آرمی چیف کے تقرر کے بعد مجھے بلا کر بانی پی ٹی آئی نے کہا میں آرمی چیف سے بات کرنا چاہتا تھا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا فوجی مجھے گالیاں دیتے ہیں اور میرے ساتھی اس پر ہنستے تھے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھاآپ پر مجھے اعتماد ہے۔ آپ جائیں اور فوجی قیادت سے بات کریں۔

اعظم سواتی کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ میرے بارے میں بانی پی ٹی آئی سے منسوب غلط خبریں چلائی گئیں تھیں۔میری بانی سے ملاقات کے وقت بشری بی بی بھی موجود تھیں۔اس ملاقات کا اہتمام ڈاکٹر بابر اعوان نے کیا اور ان کے بیٹے کو عمران خان سے ملوایا تھا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 10 منٹ میری صحت سے متعلق پوچھا تھا۔ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں میرا علاج ہواتھا۔

بشری بی بی نے اس موقع پرکہا تھا کہ شریعت کے مطابق تنازعات بات چیت سے طے ہوتے تھے۔ میں نے بانی پی ٹی آئی سے سے کہا میں عارف علوی اور ساتھیوں سے ملکر سٹیبلشمنٹ سے بات کرونگا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کسی کو بتانے کی ضرورت نہیں کہ کس سے کہاں رابطہ کر رہے تھے۔ بانی نے کہا اگر وہ بات کرنا چاہتے ہیں تو میں پہلے دن سے تیار تھا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات