بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ،حل مذاکرات ہیں، نواز شریف سینئرسیاستدان ، صوبے کی موجودہ صورتحال میں کردار ادا کرنے کی حامی بھر ی ہے، ڈاکٹر مالک بلوچ

بدھ 9 اپریل 2025 20:10

لاہور+کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2025ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کانیشنل پارٹی کے وفد کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف سے ملاقات۔ وفد میں نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر سردار کمال خان بنگلزئی ، سینیٹر جان محمد بلیدی ، میر محمد اسلم بلوچ، میر شاوس بزنجو ، رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ ، اور ایوب ملک شامل تھے جبکہ میاں نواز شریف کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز خان صادق، وفاقی وزرا خواجہ آصف، احسن اقبال ، اعظم نذیر تارڑ، رانا ثنااللہ، سردار اویس خان لغاری، پرویز رشید اور خواجہ سعد رفیق شامل تھے، میاں نواز شریف نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ان کے رفقا کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں بلوچستان میں گزشتہ دنوں سے پیدا شدہ پیچیدہ صورتحال ، سیاسی و معاشی عدم استحکام ، پسماندگی سمیت دیگر اہم قومی و سیاسی نوعیت کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے میاں نوازشریف کوبلوچستان کے مسائل کے حوالے سے مختلف تجاویز دیئے اور ڈکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت بلوچستان میں دیگر سیاسی کارکنوں کی گرفتاری اور ان کی رہائی کے لیئے بی این پی مینگل کے احتجاجی لانگ مارچ اور دھرنا حوالے سے مذاکرات میں پیدا ہونے والی ڈیڈ لاک کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے انھیں بلوچستان کے سیاسی و دیگر مسائل کے حل کرنے کے حوالے سے کردار اداکرنے کی اپنا سیاسی و جمہوری کردار ادا کرنے کے گزارشات کئے۔

جس سے میاں نواز شریف نے اتفاق کرتے ہوئے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم اور دیگر حکام سے مشاورت سے اقدامات اٹھانے کی بات کی۔ میاں نوازشریف اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان کے سلگتے معاملات کولمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے اس کی فوری حل پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں بلوچستان کے انتظامی و ترقیاتی مسائل کو بھی زیر بحث لایا گیا۔

نوجوانوں کے مسائل، طلبا کے اسکالرشپ سمیت بلوچستان کے بارڈر پر ہونے والے تجارت کو قانونی پوزیشن دینے اور ماہیگیری کے فروغ اور غیر قانونی شکار پر پابندی لگانے پر زور دیا۔ بلوچستان کے شاہراہوں کے کام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور کام کی رفتار کو تیز کرنے پر وزیرمنصوبہ بندی و پلاننگ کو ہدایات جاری کئے گئے۔ بلوجستان میں جاری لوڈشیڈنگ اور کیسکو کی غیر زمہ دارانہ روئیے اور ٹرانسفارمروں کی مرمت نہ کرنے اور ایران سے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔