بیساکھی کیلئے ریکارڈ ویزے جاری، تاریخ میں پہلی بار 7 ہزار سے زائد یاتری پاکستان آئیں گے

بھارت سے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد واہگہ بارڈر پہنچ گئی، پنجاب کے صوبائی وزراء اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے نمائندگان نے یاتریوں کا استقبال کیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 اپریل 2025 14:32

بیساکھی کیلئے ریکارڈ ویزے جاری، تاریخ میں پہلی بار 7 ہزار سے زائد یاتری ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اپریل 2025ء ) پاکستان نے بیساکھی کیلئے ریکارڈ ویزے جاری کردیئے جس کے باعث تاریخ میں پہلی بار 7 ہزار سے زائد یاتری پاکستان آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد کا آغاز ہوچکا ہے، اس بار تاریخ میں پہلی مرتبہ 7 ہزار سے زائد یاتری پاکستان آرہے ہیں، اس سلسلے میں بھارت سے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد واہگہ بارڈر پہنچ گئی جہاں پنجاب کے صوبائی وزراء اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے نمائندگان نے یاتریوں کا استقبال کیا، پنجاب حکومت کی جانب سے سکھ یاتریوں کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ رینجرز، پولیس اور سکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بے ساکھی میلے کی سکیورٹی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، یاتریوں کو واہگہ بارڈر سے سخت حفاظتی حصار میں ننکانہ صاحب پہنچایا جائے گا، سکول کالجز کے طلبہ، اساتذہ نے پاکستان پہنچنے والے یاتریوں کو گلدستے پیش کیے، گرم موسم میں یاتریوں کی اسپغول اور روح افزاح کے ٹھنڈے ٹھنڈے مشروب سے تواضع کی گئی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکریٹری مزارات سیف اللہ کھوکھر کا کہنا ہے کہ سکھ یاتریوں کو پاکستان میں قیام، لنگر، ٹرانسپورٹ، میڈیکل کی سہولتیں فراہم کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، حکومت پاکستان نے یاتریوں کو خصوصی طور پر 6 ہزار 751 ویزے جاری کیے، وفاقی وزارت مذہبی امور اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی درخواست پرشیڈول سے 3 ہزار 751 زائد ویزے خصوصی طور پر جاری کیے گئے۔

ترجمان بورڈ نے بتایا کہ امرتسر، ہریانہ، اتر پر دیش، دہلی و دیگر 11 بھارتی ریاستوں سے یاتری پاکستان پہنچے ہیں، معمول سے زیادہ یاتریوں کی آمد کی وجہ سے وفد کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلا گروپ پاکستان آمد کے بعد واہگہ بارڈر سے گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہو گا، یاتریوں کا دوسرا گروپ پاکستان آمد کے بعد واہگہ بارڈر لاہور سے گورو دوارہ دربارصاحب کرتار پور روانہ ہو گا۔ پاکستان پہنچنے والے یاتروں کے گروپ لیڈر رویندر سنگھ نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اتنی بڑی تعداد میں ویزے جاری کر کے سکھ قوم کے دل جیت لیے، پاکستان امن پسند ملک ہے، دنیا بھر کا سکھ پاکستان آنا چاہتا ہے کیوں کہ پاکستان میں بہت ہمیشہ عزت اور احترام ملتا ہے۔